news
English

کیا ممبئی انڈینز کے آکاش مدھوال کا بالنگ ایکشن حسن علی جیسا ہے؟

کمنٹیٹر سائمن ڈول نے آکاش مدھوال کے بالنگ ایکشن کو ’’حسن علی‘‘ سے مشابہ قرار دے دیا

کیا ممبئی انڈینز کے آکاش مدھوال کا بالنگ ایکشن حسن علی جیسا ہے؟

ممبئی انڈینز کے فاسٹ بولر آکاش مدھوال نے آئی پی ایل کے اہم میچ میں صرف 5 رنز دے کر5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی جبکہ نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر سائمن ڈول نے ممبئی انڈینز کے فاسٹ بولر آکاش مدھوال کے بالنگ ایکشن کو گرین شرٹس کے پیسر حسن علی سے مشابہ قرار دے دیا۔

گزشتہ روز آئی پی ایل کے دوسرے پلے آف میچ میں لکھنؤ سپرجائنٹس کے خلاف ممبئی انڈینز کے فاسٹ بولر آکاش مدھوال نے3.3 اوورز میں محض 5رنزکے عوض 5 شکار کیے، مدھوال کی زبردست بالنگ کے باعث لکھنئو سپرجائنٹس کے کھلاڑی یکے بعد دیگرے پویلین کی راہ لیتے دکھائی دیئے۔۔ جس کی بدولت ممبئی کی ٹیم 81 رنز کے زبردست مارجن سے فتح سمیٹنے میں کامیاب رہی۔ 

آکاش مدھوال نے پریرک مانکڈ، آیوش بدونی، نکولس پورن، دیپک ہودا اور روی بشنوئی کی وکٹیں حاصل کیں۔

میچ کے دوران سائمن ڈول نے کمنٹری کرتے ہوئے مدھوال کے بالنگ ایکشن کا موازنہ پاکستان کے تیز گیند باز حسن علی سے کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ایکشن بالکل پاکستانی کرکٹر جیسا لگتا ہے۔

 پیشے کے لحاظ سے انجینئر آکاش مدھوال کا تعلق شمالی ہندوستان کی ریاست اترآکھنڈ سے ہے، انہیں ممبئی کے انجرڈ فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔

میچ کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے 29 سالہ نوجوان کرکٹر نے کہا کہ بمراہ بھائی کی اپنی جگہ ہے، ٹیم میں وہی کردار ادا کرنے کی کوشش کررہا ہوں جو مجھے سونپا گیا ہے۔

واضح رہے کہ قومی فاسٹ بولر حسن علی ان دنوں انگلینڈ کی ٹی20 بلاسٹ لیگ میں شریک ہیں اور زبردست پرفارمنس دے رہے ہیں۔