news
English

بابراعظم اورمحمد رضوان حج کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب پہنچ گئے

دونوں کرکٹرز کی مسجد نبوی میں عرب مداح کے ہمراہ بنائی گئی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی

بابراعظم اورمحمد رضوان حج کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب پہنچ گئے

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب پہنچ گئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو مسجد نبوی کے سامنے دیکھا جاسکتا ہے، دونوں کرکٹرز نے اپنے عرب مداح کے ہمراہ تصویر کھنچوائی جو سوشل میڈیا پر تیزی وائرل ہورہی ہے۔

مقدس فریضے کی ادائیگی کیلئے کپتان بابراعظم اپنی والدہ اور وکٹ کیپر بیٹر اپنی اہلیہ کے ہمراہ سعودی عرب میں مقیم ہیں۔

حج کی ادائیگی کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دونوں کرکٹرز کو لاہور میں جاری ٹریننگ کیمپ میں شرکت سے مستثنیٰ قرار دیتے ہوئے خصوصی اجازت دی تھی۔

رضوان اور بابراعظم سری لنکا کے خلاف آئندہ ٹیسٹ ٹور کی تیاری کے لئے جولائی کے پہلے ہفتے میں کراچی میں دوبارہ ٹیم کو جوائن کریں گے۔

 واضح رہے کہ بابراعظم اور محمد رضوان سمیت پاکستانی عازمین کی بڑی تعداد حج کی سعادت حاصل کرنے کے لئے سعودی عرب پہنچ رہی ہے، مذہبی امور کے وزیر مفتی عبدالشکور نے بتایا تھا کہ کُل ایک لاکھ 79 ہزار سے زائد پاکستانی اس بار حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

اس سے قبل بابراعظم نے افتخار احمد، فہیم اشرف، حارث رؤف اور دیگر قومی کرکٹرز کے ساتھ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عمرہ کی ادائیگی کے لیے مقدس شہر مکہ مکرمہ کا سفر کیا تھا۔