news
English

یاسر شاہ کے بعد صوابی کا ایک اور لیگ اسپنر قومی کرکٹ کے افق پر نمودار

نوجوان اسپنر محمد اسد کا تعلق خیبرپختونخوا کے شہر صوابی سے ہے

یاسر شاہ کے بعد صوابی کا ایک اور لیگ اسپنر قومی کرکٹ کے افق پر نمودار تصویر: پی سی بی

نوجوان اسپنر محمد اسد کا تعلق خیبرپختونخوا کے شہر صوابی سے ہے اور مسلسل 2 سال نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ریموٹ ایریاز پروگرام میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر انہیں قومی ایمرجنگ ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

نوجوان اسپنر محمد اسد کا تعلق خیبرپختونخوا کے شہر صوابی سے ہے۔ محمد اسد نے اپنے کرکٹ کیرئیر کا آغاز 2017 میں کیا۔ صوابی میں محمد اسد گگلی بوائے کے نام سے مشہور ہیں۔ این سی اے ریموٹ ایریاز پروگرام 2017 اور 2018 میں ٹرائلز کے دوران اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محمد اسد انڈر 19 ریجنل کرکٹ ٹورنامنٹ میں ایبٹ آباد کی نمائندگی بھی کرچکے ہیں۔
چند سال قبل ہی اپنے کرکٹ کیرئیر کا آغاز کرنے والے محمد اسد بھی اپنے علاقے کے نوجوانوں کے لیے ایک مثال بننا چاہتے ہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ وہ ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں اپنی کارکردگی سے لیگ اسپن باؤلنگ میں صوابی شہر کے مقام میں مزید اضافہ کریں۔
19سالہ لیگ اسپنر محمد اسد کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی صوابی کی سرزمین سے ایک بہترین لیگ اسپنر قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بن چکے ہیں۔ قومی ٹیسٹ کرکٹر یاسر شاہ کا تعلق بھی خیبرپختونخوا کے شہر صوابی سے ہی ہے۔