news
English

آجائومیرے بچو، گھر بہت اداس ہے، عدنان صدیقی کا قومی ٹیم پرطنز

 کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے 44ویں میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 93 رنز سے شکست دے کر میگا ایونٹ سے باہر کردیاتھا۔

آجائومیرے بچو، گھر بہت اداس ہے، عدنان صدیقی کا قومی ٹیم پرطنز

شوبز انڈسٹری کے سینیئر اداکار عدنان صدیقی نے آئی سی سی ورلڈکپ کے میگا ایونٹ سے پاکستان کے باہر ہونے کے بعد قومی ٹیم کے لیے طنزیہ پوسٹ جاری کردی۔ 
گزشتہ روز کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے 44ویں میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 93 رنز سے شکست دے کر قومی ٹیم کو میگا ایونٹ سے باہر کردیاتھا۔
انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 338 رنز کا ہدف دیا، قومی ٹیم 338 رنز کے تعاقب میں 44 ویں اوور میں 244 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
  
بھارت میں جاری دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں پاکستانی ٹیم کی ناقص کارکردگی اور پھر میگا ایونٹ سے باہر ہونے کے بعد شائقین کرکٹ میں شدید غم و غصہ دیکھا جارہا ہے جس کا اظہار وہ سوشل میڈیا کے ذریعے کررہے ہیں۔ 
ایسے میں پاکستانی شوبز کے سینیئر اداکار عدنان صدیقی نے بھی اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے قومی ٹیم کے لیے طنزیہ پوسٹ جاری کی ہے۔ 
عدنان صدیقی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر قومی کھلاڑیوں کی تصویر شیئر کی جس میں وہ سوٹ کیس لیے ایئرپورٹ پر موجود ہیں۔ 
اداکار نے تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ “آجاؤ میرے بچو گھر بہت اُداس ہے”۔ 
عدنان صدیقی کی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے کہا کہ “اگر قومی ٹیم کے جیتنے پر ہم جشن مناتے ہیں تو ہارنے پر بھی ہمارے کھلاڑیوں کو عوام کے سپورٹ کی ضرورت ہوتی ہے”۔
 
صارف نے کہا کہ “ہماری ٹیم ہمارا فخر ہے اور ہمیشہ ہمارا فخر رہے گی”۔ 
واضح رہے کہ قومی کرکٹرز اور آفیشلز کی وطن واپسی کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے، قومی کرکٹرز کولکتہ سے دو مختلف پروازوں سے براستہ دبئی وطن واپس پہنچیں گے۔ 
قومی کھلاڑی 13 نومبر کو سیالکوٹ، اسلام آباد اور لاہور پہنچیں گے جبکہ فاسٹ بولر حسن علی بھارت میں قیام کریں گے اور 22 نومبر کو وطن لوٹیں گے۔