news
English

ایشین گیمز: پاکستان نے ہانگ کانگ کو68 رنزسے ہراکرسیمی فائنل میں جگہ بنالی

عامر جمال کی زبردست بلے بازی اور اسپنرز کی بہترین پرفارمنس نے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

 ایشین گیمز: پاکستان نے ہانگ کانگ کو68 رنزسے ہراکرسیمی فائنل میں جگہ بنالی

پاکستان نے ہانگ کانگ کو 68 رنز سے ہراکر ایشین گیمز کے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مقابلوں کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ 
پاکستانی ٹیم کے آل رائونڈر عامر جمال کی جارحانہ بیٹنگ اور اسپنرز کی عمدہ کارکردگی نے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، پاکستان شاہینز کا مقابلہ سری لنکا اور افغانستان کے میچ میں جیتنے والی ٹیم سے چھ اکتوبر کو ہوگا۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ہانگ کانگ کو 68 رنز سے ہراکر19 ویں ایشین گیمز کے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مقابلوں کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ میچ کی نمایاں ترین کارکردگی عامر جمال کی جارحانہ بیٹنگ اور اسپنرز کی عمدہ  پرفارمنس رہی۔ سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز کا مقابلہ سری لنکا اور افغانستان کے میچ کی فاتح ٹیم سے 6 اکتوبر کو ہوگا۔ 
چین کے شہر ہانگزو کی زی جیانگ یونیورسٹی کرکٹ فیلڈ میں جاری 19 ویں ایشین گیمز کے کرکٹ ایونٹ کے کوارٹرفائنل میں ہانگ کانگ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ دی جو مقررہ 20 اوورز میں 160 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ جواب میں ہانگ کانگ کی ٹیم 18.5 اوورز میں فقط 92 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔ اس میچ سے پاکستان کے کپتان قاسم اکرم سمیت چھ کرکٹرز نے اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کریئر کا آغاز کیا۔ 
پاکستانی بیٹنگ کے دوران وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں کے باعث پاکستان کو ایک موقع پر خاصی مشکل کا سامنا تھا، اننگز کے پہلے ہی اوور میں مرزا بیگ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے، روحیل نذیر 13، حیدرعلی 4 اور کپتان قاسم اکرم صرف 12 رنز ہی بناپائے جبکہ خوشدل شاہ ایک چھکے کی مدد سے 13رنز بناسکے۔ جب عمیر یوسف21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو پاکستان شاہینز کا مجموعی اسکور صرف 54 رنز تھا اور پانچ وکٹیں گرچکی تھیں۔ اس موقع پر آصف علی، عرفات منہاس اور عامر جمال کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کے نتیجے میں پاکستان شاہیز 160 کے اسکور تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے، آصف علی نے دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے25 رنز بنائے۔ عرفات منہاس نے دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 25رنز اسکور کیے۔ عامرجمال نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 16 گیندوں پر 41 رنز بنائے ان کی اننگز میں2 چوکے اور4 چھکے شامل تھے۔