news
English

عاقب جاوید سری لنکن ٹیم کے بولنگ کوچ مقرر  

قومی ٹیم کے سابق پیسر عاقب جاوید متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ٹیم کے ساتھ بھی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔

عاقب جاوید سری لنکن ٹیم کے بولنگ کوچ مقرر  

سری لنکا کے کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے سابق کرکٹر عاقب جاوید کوبولنگ کوچ مقرر کردیا۔ 
ایکسپریس نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کےسابق ٹیسٹ کرکٹر، کوچ اور لاہور قلندرز کے ڈآئریکٹر آپریشنرعاقب جاوید نے سری لنکن بورڈ کے ساتھ بولنگ کوچ کی تقرری کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا۔ 
عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ سری لنکن بورڈ کے حکام نے ایک ہفتہ قبل رابطہ کیاتھا۔ سابق ٹی20 ورلڈ چیمپئن ٹیم کے ساتھ بطوربولنگ کوچ کام کرنا میرے لیے ایک اعزاز ہوگا۔ سری لنکا بہت باصلاحیت ٹیم ہے اور خاص طورپر ٹی 20 میں وہ ہمیشہ ایک خطرناک ٹیم کے طورپر سامنے آئی ہے۔  
عاقب جاوید نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے اتوار کو کولمبو روانہ ہوگئے۔ فی الحال ان کا معاہدہ ٹی 20ورلڈکپ 2024تک ہوگا جس میں بعد میں توسیع کی جاسکتی ہے۔
پاکستان کے لیے 163 ون ڈےاور 22 ٹیسٹ میچز کھیلنے کا تجربہ رکھنے والے اور ورلڈکپ 1992 کی فاتح  ٹیم کے رکن عاقب جاوید پاکستان کی جونیئراور سینئرٹیمز کےساتھ کوچنگ کی ذمہ داریاں نبھاچکےہیں۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے ساتھ بھی کام کیا ہے۔ 
عاقب جاوید نے سری لنکن بولرز کو ٹیلنٹ سے مالامال قراردیتے ہوئے کہا کہ مرلی دھرن، چمندا واس اور لیستھ مالنگا کی صورت میں سری لنکا نے  کرکٹ کو اپنے سحر میں مبتلا کیے رکھا جبکہ بیٹنگ میں رانا ٹنگا، ڈی سلوا، جے وردنے، جے سوریا اور کمارسنگاکارا جیسے ہیروز سامنے آئے۔
آئی لینڈرز کی موجودہ ٹیم میں مڈوشنکا، ہسارانگا نے بہت متاثر کیا ہے۔ دوسرے بولرز بھی بہت آگے جاسکتےہیں۔ کوشش ہوگی کہ اپنےتجربے سے سری لنکن ٹیم کی بولنگ لائن کومزید مضبوط بناؤں۔