news
English

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی انٹرنیشنل کرکٹ میں ابتدائی جدوجہد کی داستان

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز آئیڈیل پلیئر ہیں، ٹی وی پر دیکھ کر ان کے جیسے شارٹس کھیلنے کی پریکٹس کرتا تھا۔

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی انٹرنیشنل کرکٹ میں ابتدائی جدوجہد کی داستان

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل سابق انگلش کپتان ناصر حسین کو انٹرویو دیتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ کرکٹ کی کوچنگ میں والد صاحب کا اہم کردار ہے، میرے والد نے مجھے بہت سپورٹ کیا۔

بابر نے بتایا کہ بچپن میں گراؤنڈ میں والد ہی لے کر جایا کرتے تھے، میری کرکٹ کی تربیت میں والد نے اہم کردار ادا کیا، وہ میری کارکردگی کو مانیٹر کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں انڈر 19 کھیلنے کے بعد یقین تھا کہ پاکستان ٹیم میں جگہ بنا لوں گا۔

بابر اعظم نے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنے ابتدائی جدوجہد کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں تک پہنچنے کا سارا کریڈٹ اپنے والد کو دیتے ہیں۔
بابر اعظم نے سابق کوچ کے طور پر مکی آرتھر کا بھی ذکر کیا جنہوں نے اپنے کیریئر کے شروع میں جدوجہد کے دوران دائیں ہاتھ کے بلے باز کی رہنمائی کی۔

انہوں نے کہا کہ مکی آرتھر نے مجھے بہت سپورٹ کیا، انہوں نے مجھے ایک موقع دیا، انہوں نے مجھ سے کہا کہ تم صرف کھیلو اور اپنے ذہن میں منفی خیالات نہ لاؤ۔ یہ وہ لمحہ تھا جس میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں میں نے لگاتار تین سینچریاں اسکور کیں اور پھر میں نے آگے بڑھنا شروع کیا اور آہستہ آہستہ ایک پروفیشنل کرکٹر بن گیا۔"

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ وہ انگلینڈ کے خلاف تاریخی ٹیسٹ سیریز کے لیے پُرجوش ہیں، انگلش ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انگلش پلیئرز یہاں کی کنڈیشنز کا جائزہ لیں اور ہماری مہمان نوازی کا لطف اٹھائیں۔

واضح رہے کہ 17 سال بعد ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے اسلام آباد پہنچی ہے، انگلش کرکٹ ٹیم نے پنڈی ٹیسٹ کیلئے اپنی پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا ہے۔

انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان تین میچز کی سیریز یکم دسمبر سے شروع ہوگی۔