news
English

گلوبل ٹی 20 کینیڈا میں پاکستانی بولرعباس آفریدی کی شاندار ہیٹ ٹرک

پیسر نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز کے اسپیل میں صرف 29 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔

گلوبل ٹی 20 کینیڈا میں پاکستانی بولرعباس آفریدی کی شاندار ہیٹ ٹرک

کینیڈا میں جاری گلوبل ٹی ٹونٹی میں پاکستانی پیسر عباس آفریدی نے وکٹوں کی شاندار ہیٹ ٹرک کرلی۔ 
گلوبل ٹی 20 میں مونٹریال ٹائیگرز کے فاسٹ بولر عباس آفریدی نے برامپٹن میں ہونے والے میچ میں بولنگ کا شاندار مظاہرہ کیا۔ وینکوور نائٹس اور مونٹریال ٹائیگرز کے درمیان مقابلے کے دوران عباس آفریدی نے اپنی تیز رفتاری اور مہارت سے تباہی مچا دی۔ انہوں نے غیر معمولی کارکردگی کے نتیجے میں شاندار پانچ وکٹیں حاصل کیں اور 4 اوورز کے اسپیل میں صرف 29 رنز دیے۔ 
عباس آفریدی کے سحر انگیز ڈسپلے کی خاص بات ایک غیر معمولی ہیٹ ٹرک تھی جس نے نائٹس کو دنگ کر دیا۔ عباس آفریدی کے جادوئی اسپیل کا آغاز وریتیا اراوِند کو اننگز کے شروع میں آؤٹ کرنے سے ہوا تاہم نائٹس کے محمد رضوان اور کورسبن بوش نے ایک امید افزا شراکت داری قائم کی، جس نے اپنی ٹیم کو سازگار پوزیشن میں ڈال دیا۔ 
عباس آفریدی نے ایک اہم موڑ پر بوش کی وکٹ حاصل کی جس کے بعد نائٹس نے تین گیندوں میں تین وکٹیں گنوادیں۔ نائٹس کے کپتان رسی وین ڈیر ڈوسن بھی عباس آفریدی کے قہر سے نہ بچ سکے اور گولڈن ڈک کا شکار ہوئے۔ ہیٹ ٹرک کے موقع پر عباس آفریدی کا سامنا افغانستان کے نجیب اللہ زدران سے ہوا، جو بائیں ہاتھ کے خطرناک بلے باز سمجھ جاتے ہیں، نوجوان بولر نے زدران کو آؤٹ کر کے سنسنی خیز ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ 
عباس آفریدی یہیں پر نہیں رکے بلکہ اس کے بعد انہوں نے ایک اور وکٹ حاصل کی، جو کہ فیبین ایلن کی تھی۔ ٹائیگرز کی جانب سے چھ میں سے پانچ وکٹیں حاصل کرنے پر آفریدی کی شاندار کارکردگی نے انہیں میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے میں مدد دی۔ ان کی شاندار کاوش نے مونٹریال ٹائیگرز کے لیے آخری اوور میں ہدف کا کامیابی سے تعاقب کرنے کی راہ ہموار کی۔