news
English

عابد علی بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں بھی سنچری اسکور کرنے کیلیے پرعزم

کافی انتظار کے بعد موقع ملا اب تمام تر توجہ پرفارمنس پر ہے، کرکٹ عابد علی

عابد علی بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں بھی سنچری اسکور کرنے کیلیے پرعزم فوٹو: اے ایف پی

قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر عابد علی بنگلا دیش کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں بھی سنچری اسکور کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عابد علی نے کہا کہ دو ہفتے سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ جاری تھی، پریکٹس میچ میں مثبت سوچ اور جذبہ سے محنت کر رہے ہیں جب کہ آنے والے میچ میں 100 فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش ہوگی۔

عابد علی نے کہا کہ بنگلا دیش کے خلاف میچ کی بھرپور پریکٹس ہے، اس لئے ٹیسٹ میں بھی سنچری کرنے کیلیے پر عزم ہوں۔ کافی انتظار کے بعد موقع ملا اب تمام تر توجہ پرفارمنس پر ہے، کوئی بھی فارمیٹ ہو مجھے کرکٹ کھیلنا ہے اور اگر ٹی ٹوئنٹی میں موقع ملا تو ضرور کارکردگی دکھاوں گا۔

عابد علی کا کہنا تھا کہ سچن ٹنڈولکر اور یونس خان سمیت عظیم کرکٹرز کی ویڈیوز سے سیکھتا ہوں۔ انٹرنیشنل کیرِئر کا تاخیر سے آغاز ہوا لیکن اللہ نے عزت دی ہے۔