news
English

ابرار احمد نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز سے باہر ہو گئے

ابرار احمد آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بحالی کے لیے وطن واپس پہنچیں گے۔

ابرار احمد نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز سے باہر ہو گئے

مسٹری اسپنر ابرار احمد کو نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر کر دیا گیا، کیونکہ وہ گھٹنے کی انجری کے باعث آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھی کھیل نہیں سکے تھے،  
پی سی بی کا میڈیکل پینل اس وقت ابرار احمد کی فٹنس کا جائزہ لے رہا ہے اور وہ آسٹریلیا کی ٹیسٹ سیریز کے بعد لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بحالی کے لیے وطن واپس آئیں گے۔ 
چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے ابرار احمد کی واپسی کی تصدیق کرتے ہوئے مستقبل کی مصروفیات کے لیے لیگ اسپنر کی صحت یابی کے عمل پر زور دیا ہے۔ 
نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئٹنی سیریز کے لئے پاکستانی ٹیم (کل) بدھ کی رات لاہور سے آکلینڈ کے لیے روانہ ہوگی۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کا لاہور میں منگل کو آخری روز بھی ٹریننگ کیمپ جاری رہا جس میں ملک بھر سے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ 
ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل چھ کھلاڑیوں اعظم خان، حسیب اللہ خان، عباس آفریدی، فخر زمان، افتخار احمد اور صاحبزادہ فرحان نے بھی قذافی اسٹیڈیم میں ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔ محمد حسنین بھی ٹریننگ سیشن میں شریک تھے۔ پاکستانی ٹیم بدھ کو رات گئے لاہور سے براستہ دبئی آکلینڈ روانہ ہوگی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز بارہ سے اکیس جنوری تک نیوزی لینڈ میں کھیلی جائے گی۔