news
English

‘‘ابرار احمد آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر نہیں ہوئے’’  

کرکٹر کا میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں ری ہبلیٹیشن جاری ہے، پی سی بی کی وضاحت

‘‘ابرار احمد آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر نہیں ہوئے’’  

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے وضاحت کی ہے کہ لیگ اسپنر ابرار احمد آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر نہیں ہوئے۔ 
بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ابرار احمد کو آسٹریلیا کی پرائم منسٹر الیون کے خلاف چار روزہ میچ میں دائیں گھٹنے میں تکلیف کے باعث میدان سے باہر جانا پڑا تھا، میڈیکل ٹیم نے اسپنر کا معائنہ کیا اور بعد میں ان کا ایم آر آئی اسکین کرایا گیا تھا۔ تکلیف کے باعث قومی ٹیم کے لیگ اسپنر آسٹریلیا کے خلاف پرتھ ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں جو 14 دسمبر سے شیڈول ہے۔  
ابرار احمد کا میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں ری ہبلیٹیشن جاری ہے لیکن وہ ٹیسٹ سیریز سے باہر نہیں ہوئے ہیں، آسٹریلوی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے دوسرے ٹیسٹ سے قبل ان کی دستیابی کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔  
چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے ٹیم منیجمنٹ کی درخواست پر ابرار احمد کے نعم البدل کے طور پر آف اسپنر ساجد خان کے نام کی منظوری دے دی ہے جو سفری دستاویزات مکمل ہونے کے بعد پرتھ روانہ ہوں گے۔