news
English

اے سی سی پاکستان کے بغیر ایشیا کپ کرانے کے لیے تیار

نامزد میزبان کےطورپرپی سی بی کوسری لنکامیں کھیلنا ہوگایا ٹورنامنٹ سےدستبردارہوناپڑےگا

اے سی سی پاکستان کے بغیر ایشیا کپ کرانے کے لیے تیار

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) ایشیا کپ کے لیے ذہنی طور پر تیار ہو چکی ہے، لیکن ہو سکتا ہے کہ اس بار پاکستان ٹورنامنٹ کا حصہ نہ ہو۔

 ٹیلی گراف انڈیا کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی کے سیکرٹری اور اے سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے دوسرے ممالک پر واضح کر دیا ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے تجویز کردہ "ہائبرڈ ماڈل" کو قبول نہیں کریں گے۔ جے شاہ نے حال ہی میں رکن ممالک کے بورڈز کے سربراہان کے ساتھ اس معاملے پر تبادلہ خیال کیا اور تجویز پیش کی کہ ٹورنامنٹ ایک ہی مقام پر ہونا چاہیے، خاص طور پر سری لنکا ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے بہترین انتخاب ہے۔

میزبان ملک کے طور پر پی سی بی نے ایک ہائبرڈ ماڈل تجویز کیا تھا، جس کے تحت ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں گروپ فیز کے ابتدائی چار میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گےجبکہ اگلے مرحلے میں، جس میں بھارت کے میچز اور ایشیا کپ کا فائنل شامل ہیں، ایک نیوٹرل مقام پر کھیلا جائے گا۔ اس صورت حال میں پاکستان اپنا گروپ مرحلے کا میچ نیپال کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر کھیلے گا۔ اسی طرح سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان بھی پاکستان میں اپنے پول میچ کھیلیں گے۔ پی سی بی نے دبئی کو ہائبرڈ فریم ورک کے اندر ایک پسندیدہ اور غیر جانبدار مقام کے طور پر نامزد کیا تھا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کو اے سی سی کے اگلے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کے دوران بتایا جائے گا کہ دیگر تمام شریک ممالک سری لنکا میں کھیلنے پر رضامند ہو گئے ہیں۔

پی سی بی کو نامزد میزبان کے طور پر، سری لنکا میں کھیلنا یا ایشیا کپ کی میزبانی سے دستبردار ہونا پڑے گا۔ اس صورت میں، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان وہ چار ٹیمیں ہوں گی جن کے درمیان مقابلے ہوں گے جبکہ ٹورنامنٹ کی پانچویں ٹیم کی شمولیت کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔

بھارت کا دورہ پاکستان سے انکار اور ہائبرڈ ماڈل کو قبول نہ کرنا پاکستان کے لیے مشکلات پیدا کرسکتا ہ خاص طور پر پاکستانی ٹیم کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے پر غور کرنے پر بھی مجبور کر سکتا ہے۔

پی سی بی نے مبینہ طور پر آئی سی سی حکام کو آگاہ کیا ہے کہ ورلڈ کپ کے مقابلوں میں ان کی شرکت کا انحصار حکومتی منظوری پر ہے۔