news
English

عادل رشید نے ایک بار پھربابراعظم کی وکٹ اڑانے پر توجہ مرکزکرلی

مئی میں پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ہماری تیاری مکمل ہے، انگلش اسپنر

عادل رشید نے ایک بار پھربابراعظم کی وکٹ اڑانے پر توجہ مرکزکرلی

انگلش ٹیم کے اسپنر عادل رشید کا کہنا ہے کہ بابراعظم کے خلاف بولنگ کو خوب انجوائے کرتا ہوں۔مئی میں پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ہماری تیاری مکمل ہے۔ ایک بار پھر بابراعظم کی وکٹ اڑانے پر توجہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے کرکٹر عادل رشید نے کہا ہے کہ بابر اعظم کے خلاف بولنگ کو بہت انجوائے کرتا ہوں کیونکہ وہ ایک ورلڈ کلاس بیٹر ہیں۔ 
برمنگھم میں ایک مقامی ٹی وی چینل  سے گفتگو کرتے ہوئے عادل رشید نے کہا کہ بابراعظم اسپن اور فاسٹ بولنگ دونوں کو بہترین طریقے سے کھیلتے ہیں۔ انگلش لیگ اسپنر نے کہا کہ امید ہے ہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوں گے۔عادل رشید نے ایم سی جی میں 2022 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستانی کپتان کو آؤٹ کیاتھا۔ 
عادل رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک مضبوط ٹیم ہے اور انگلینڈ میں ان کے پرستاروں کی بہت بڑی تعداد ہے، تاہم ٹیم انگلینڈ اس چیلنج کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی ٹیم کا سامنا کرنے کے لیے پوری طرح تیار اور پُرجوش ہیں۔ وہ بہت اچھی ٹیم ہیں، ان کے پاس تجربہ اور کچھ بہت ہی دھماکہ خیز کھلاڑی ہیں۔ انہیں ہمیشہ خاص طور پر برمنگھم اور لیڈز میں بڑی حمایت حاصل رہی اس لیے شائقین کی بھیڑ بہت زیادہ ہوگی۔ ہم اس کے منتظر تھے۔‘‘ 
عادل رشید خاص طور پر پاکستانی کپتان بابر اعظم کو باؤلنگ کرنے سے لطف اندوز ہوتے ہیں، انہیں عالمی سطح پر بہترین بلے بازوں میں سے ایک کے طور پر تسلیم کرتے ہیں اور ایک بار پھر ان کے خلاف مقابلہ کرنے کے موقع سے لطف اندوز ہوتے ہیں، جس کا مقصد پاکستان کے دورہ انگلینڈ پر انہیں دوبارہ آؤٹ کرنا ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ "میں ایک باؤلر کے طور پر ہر ایک کے سامنے باؤلنگ کرنے سے لطف اندوز ہوتا ہوں، آپ کو ہر کھلاڑی کے خلاف محتاط رہنا ہوگا۔ لیکن مجھے خاص طور پر بابر اعظم کو باؤلنگ کرنا اچھا لگتا ہے کیونکہ وہ ایک ٹاپ کلاس کے کھلاڑی ہیں۔ وہ دنیا کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں۔ وہ نہ صرف اسپن کے اچھے کھلاڑی ہیں بلکہ پیسرز کے خلاف بھی اتنے ہی اچھے کھلاڑی ہیں۔ کرکٹ میں ایسا ہوتا ہے کیونکہ یہ اس کھیل کا حصہ ہے اور کبھی کبھی میں اسے آؤٹ کر سکتا ہوں۔ امید ہے کہ جب وہ یہاں آئے گا، میں اسے دوبارہ میدان بدر کرنے کی کوشش کروں گا۔‘‘
انگلینڈ بمقابلہ پاکستان ٹی 20 سیریز:

22 مئی: لیڈز میں پہلاٹی20 (رات 10:30 بجے پاکستانی وقت کے مطابق)

25 مئی: برمنگھم میں دوسراٹی 20 (شام 6:30 پاکستانی وقت کے مطابق)

28 مئی: کارڈف میں تیسراٹی 20 (رات 10:30 پاکستانی وقت کے مطابق)

30 مئی: اوول، لندن میں چوتھا ٹی20 (رات 10:30پاکستانی وقت کے مطابق)