افغان کرکٹ بورڈ نے فضل حق فاروقی، مجیب الرحمان اور نوین الحق کو این اوسی جاری کردیے۔
طالبان کے زیراثر افغان کرکٹ بورڈ نے اپنے کرکٹرز کو ’سبق‘ سکھانے کے بعد لیگز کھیلنے کے لیے محدود تعداد میں این اوسی جاری کردیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق افغان کرکٹ بورڈ نے کچھ عرصہ قبل اپنی قومی ٹیم کے تین کرکٹرز کو ملک کے بجائے لیگز کو ترجیح دینے پر کڑی سزائیں سنائی تھیں تاہم اب فضل حق فاروقی، مجیب الرحمان اور نوین الحق کو ’سبق‘ سکھانے کے بعد محدود تعداد میں این اوسی جاری کردیے گئے ہیں۔
تینوں کرکٹرز نے بورڈ سے خود کو سینٹرل کنٹریکٹ سے باہر رکھنے کی درخواست کردی تھی، جس پر انھیں ملک پر لیگز کو ترجیح دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے سزا کے طور پر تمام این او سیز منسوخ کردیے گئے تھے۔
ان کے خلاف باقاعدہ تحقیقات شروع ہوئی، بعد میں تینوں کرکٹرز نے بورڈ پر واضح کیا کہ وہ اپنے ملک کی نمائندگی پر فخر کرتے ہیں اور اس کی جانب سے کھیلنے کی شدید خواہش رکھتے ہیں، جس پر بورڈ نے سزاؤں میں تھوڑی نرمی کرتے ہوئے فضل حق، مجیب الرحمان اور نوین الحق کو محدود پیمانے پر این او سی جاری کرنے کے ساتھ انھیں سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے کے لیے بھی کلیئر قرار دے دیا ہے۔