news

بنگلہ دیش کے ساتھ میچز کے لیے افغان اسکواڈ میں 5 نئے کھلاڑی شامل

 بنگلہ دیش کے ہاتھوں ٹیسٹ میں عبرتناک شکست کے بعد افغانستان نے ون ڈے میچز کے لیے 5 نئے کھلاڑیوں کو طلب کر لیا۔

بنگلہ دیش کے ساتھ میچز کے لیے افغان اسکواڈ میں 5 نئے کھلاڑی شامل

افغانستان نے اگلے ماہ بنگلہ دیش کے خلاف ہونے والے تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے لیے 19 رکنی توسیعی اسکواڈ میں 5 نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے۔ ان کھلاڑیوں میں فاسٹ بولرز سلیم صافی اور وفادار مومند بھی شامل ہیں۔ افغان اسکواڈ کا حصہ بنننے والے تین دیگر کھلاڑیوں میں اظہار الحق نوید، فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر عبدالرحمن اور بائیں ہاتھ کے اسپنر ضیاء الرحمان اکبر کو بھی اسکواڈ میں جگہ مل گئی ہے جو 5، 8 اور 11 جولائی کو چٹاگانگ میں تین ون ڈے میچوں کے لیے بنگلہ دیش کا سفر کریں گے۔

اظہار الحق افغانستان کے ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ تھے جسے ہفتے کے روز بنگلہ دیش کے خلاف 546 رنز سے شکست ہوئی تھی لیکن وہ اس میچ میں نہیں کھیلے تھے۔

افغانستان کرکٹ بورڈ کی قومی سلیکشن کمیٹی نے بتایا ہے کہ نئے شامل کئے گئے کھلاڑی آئندہ ون ڈے گیمز اور بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں بھی شامل ہوں گے۔