دونوں ٹیمیں متحدہ عرب امارات میں ایک دوسرے کے مدمقابل آسکتی ہیں، رپورٹس
افغانستان نے رواں سال اگست میں پاکستان کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کی تصدیق کردی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز رواں سال اگست میں کھیلی جائے گی تاہم سیریز کے شیڈول کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے، توقع کی جارہی ہے دونوں ٹیمیں متحدہ عرب امارات میں ایک دوسرے کے مدمقابل آسکتی ہیں۔
رواں سال پڑوسی ممالک نے شارجہ میں تین میچوں کی ٹی20 سیریز کھیلی تھی جس میں افغان ٹیم نے 1-2 سے کامیابی سمیٹی تھی، دونوں ٹیمیں ایشیاکپ سے قبل سیریز کھیل کر بڑے ایونٹ کے لیے بھرپورتیاری کریں گی۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ 31 اگست سے 17 ستمبر تک ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہونا ہے، جس کے مطابق ٹورنامنٹ کے پہلے چار میچز پاکستان میں ہوں گے، جس کے بعد فائنل سمیت 9 میچز سری لنکا شفٹ ہوجائیں گے۔
قومی ٹیم ایشیاکپ میں اپنا پہلا گروپ میچ 31 اگست کو ملتان میں نیپال کے خلاف کھیلے گی، ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب بھی اسی روز ہوگی
پاکستانی ٹیم نیپال کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر میچ کے فوری بعد سری لنکا کے لیے روانہ ہوجائے گی، جہاں اسے سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور بھارت کے خلاف گروپ میچز کھیلنے ہیں۔
ایشیا کپ کے شیڈول کا باضابطہ اعلان پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف آج کریں گے۔