news

افغان کرکٹر پر کرپشن کا الزام، 5 سال کے لئے پابندی عائد

احسان اللہ تینوں فارمیٹ کے 20 میچوں میں افغانستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

افغان کرکٹر پر کرپشن کا الزام، 5 سال کے لئے پابندی عائد

افغانستان کے ٹاپ آرڈر بلے باز احسان اللہ جنت پر کرپشن کے الزام میں 5 سل کیلئے پابندی عائد کرکے انہیں  کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں کھیلنے سے روک دیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق افغانستان کے کرکٹر احسان اللہ تینوں فارمیٹ کے 20 میچوں میں افغانستان کی نمائندگی کر چکے ہیں جن پر بدعنوانی کے الزام میں پانچ سال کی پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ تین مزید پلیئرز زیر تفتیش ہیں۔ 
افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے رواں سال کے آغاز میں کابل پریمیئر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے دوران کرکٹر پر کرپشن کے الزام پر فوری طور پر 5 سال کی پابندی عائد کردی ہے۔ 
بورڈ نے احسان اللہ جنت کو آئی سی سی کے انسداد بدعنوانی کوڈ کے آرٹیکل 2.1.1 کی خلاف ورزی کا قصوروار پایا، اس قانون کے تحت اثر و رسوخ کا غلط استعمال کرنے اور میچ کے دوسرے پہلو میں ہیرا پھیری کرنے کی کوشش کا نتیجہ پابندی کی صورت میں نکلتا ہے۔
 
اس خلاف ورزی کے نتیجے میں احسان اللہ پر فوری طور پر تمام فارمیٹس کی کرکٹ کھیلنے پر 5 سال کی پابندی لگادی گئی ہے جبکہ کرکٹر نے الزامات کو تسلیم کرلیا ہے۔  
دوسری جانب افغان بورڈ 3 دیگر کھلاڑیوں سے بھی ممکنہ کرپشن میں ملوث ہونے کی تحقیقات کررہا ہے۔ 
افغانستان کے 26 سالہ بلے بازاحسان اللہ کابل پریمیئر لیگ 2024 میں شمشاد ایگلز کی نمائندگی کررہے تھے، انہوں نے چار اننگز میں 72 رنز بنائے، جس کی اوسط 150 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 18 تھی جبکہ ان کی ٹیم 6 ٹیموں کی لیگ میں آخری نمبر پر رہی تھی۔
 
احسان اللہ تینوں فارمیٹس کے 20 میچوں میں افغانستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔