news
English

افغانستان کا ایشیاء کپ کیلئے17رکنی اسکواڈ کا اعلان، فرید احمد باہرہوگئے

افغانستان نے ایشیاء کپ کے لئے فرید احمد کی جگہ کریم جنت کو اسکواڈ کا احصہ بنایا ہے۔

افغانستان کا ایشیاء کپ کیلئے17رکنی اسکواڈ کا اعلان، فرید احمد باہرہوگئے

افغانستان نے ایشیا کپ کے لئے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔
پاک افغان سیریز کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں سے بدتمیزی کرنے والے فرید احمد کو ٹیم سے باہر کردیا گیا۔
افغان بورڈ نے ٹیم سے فرید احمد، عظمت اللہ عمرزئی، شاہد اللہ کمال اور وفادار مومند کو باہر کردیا ہے اوران کی جگہ کریم جنت، نجیب اللہ زدران اور شرف الدین اشرف کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ فرید احمد کی جگہ ٹیم کا حصہ بننے والے کریم جنت نے آخری بار 2017 میں ون ڈےمیچ  کھیلا تھا، لیکن ان کے پاس ٹی 20 فارمیٹ کا کافی تجربہ ہے، افغان فاسٹ بولر کے پاس26.81 کی اوسط سے لی گئی37 ٹی ٹوئنٹی وکٹیں ہیں۔
دوسری جانب نجیب اللہ کی انجری سے واپسی ہوئی جس نے انہیں پاکستان کے خلاف ون ڈے میچوں سے باہر رکھا اور توقع ہے کہ مڈل آرڈر میں ان کی موجودگی سے افغانستان کے بیٹنگ یونٹ کو مضبوطی ملے گی،شرف الدین اسکواڈ میں ایک اضافی آل راؤنڈر آپشن کے طور پر موجود ہیں۔ رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران افغانستان کے اوپنر ہوں گے جبکہ ریاض حسن، محمد نبی، کپتان حشمت اللہ شاہدی اور نجیب اللہ کو مڈل آرڈر کی ذمہ داریاں دیئے جانے کی توقع ہے۔
افغانستان کے اسپن بولرز کے آپشنز میں راشد خان، محمد نبی، نور احمد اور مجیب الرحمان شامل ہیں، بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز فضل الحق فاروقی، گلبدین نائب، کریم جنت، عبدالرحمٰن اور محمد سلیم پیس اٹیک کے طور پر افغان اسکواڈ کا حصہ ہیں۔