news
English

افغانستان کو نئے پاکستانی ٹیلنٹ کا خوف ستانے لگا

 افغانستان کی کرکٹ ٹیم کو پاکستانی ٹیم میں شامل نئے ٹیلنٹ کا خوف ستانے لگا۔

افغانستان کو نئے پاکستانی ٹیلنٹ کا خوف ستانے لگا

شارجہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے افغانستان کے ہیڈ کوچ جوناتھن ٹروٹ نے کہا کہ اگرچہ پاکستان ٹیم میں کئی بڑے نام شامل نہیں ہیں مگر نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتوں کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، وہ پی ایس ایل 8میں پرفارم کرتے ہوئے آرہے ہیں، ہمارے لیے جیت کا سفر آسان نہیں ہوگا، دونوں ملکوں میں کانٹے دار مقابلے ہوتے رہے ہیں، امید ہے کہ اس بار بھی اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، کھلاڑی دنیا بھر کی لیگز کا حصہ بن رہے ہیں، نوجوان کرکٹرز بھی انٹرنیشنل سطح پر صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیے بے تاب ہیں، اسکواڈ میں سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا اچھا امتزاج ہے، امید ہے کہ پاکستان کے خلاف سیریز میں پلیئرز توقعات پر پورے اتریں گے۔

جوناتھن نے کہا کہ شارجہ کی کنڈیشنز افغان کرکٹرز کے لیے نئی نہیں ہیں، سب یہاں کی پچز کے مزاج سے بھی اچھی طرح واقف ہیں، مضبوط پاکستانی ٹیم کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

دوسری جانب فیلڈنگ کوچ ریان مارون نے کہا کہ فتوحات کا راستہ بنانے کے لیے پلیئرز کو صلاحیتوں کا بہترین استعمال کرنا ہوگا، عمومی طور پر ٹیم میں اچھے فیلڈرز موجود ہیں،امید ہے کہ وہ میدان میں ملنے والے ہر موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بولرز کی مدد اور حریف کی مشکلات میں اضافہ کریں گے۔