سری لنکا سے اگست میں ہونے والے 3ون ڈے میچز کو ایک ہی مقام پر کھیلنے کی اجازت دینے کے بارے میں رابطہ کیا ہے، افغان کرکٹ بورڈ
توقع ہے کہ سری لنکا آئندہ ماہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان دو طرفہ ون ڈے ہوم سیریز کی میزبانی کرے گا۔ سری لنکن میڈیا کے مطابق افغانستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ سری لنکا سے پاکستان کے خلاف تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کو ایک ہی مقام پر کھیلنے کی اجازت دینے کے بارے میں رابطہ کیا گیا ہے جبکہ ساتھ میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ایس ایل سی نے اپنا گراؤنڈ اور اسٹیڈیم کرایہ پر دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ چونکہ افغانستان کے پاس کوئی اسٹیڈیم نہیں ہے اور سری لنکا میں کھیلنا ایشیا کپ اور اس کے فوراً بعد ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے اچھی تیاری ہوگی۔
ذرائَع کے مطابق افغان بورڈ کا کہنا ہے کہ ہم ان میچوں کی میزبانی متحدہ عرب امارات یا قطر میں کرنے کے خواہاں تھے، لیکن وہاں شدید گرمی کے ماحول کو دیکھتے ہوئے یہ ممکن نہیں تھا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئئی) اور امارات کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے اس سے قبل بالترتیب یو اے ای اور بھارت میں افغانستان کے میچوں کی میزبانی کی تھی۔ تاہم، بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزے دینے سے ممکنہ انکار کے خدشات کے باعث اس دو طرفہ سیریز کے لیے بھارت میں میچ کرانے پر غور نہیں کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم کے ارکان اور معاون عملے کو 10 یا 12 اگست کو سری لنکا میں جمع ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تین ون ڈے میچوں کی تاریخوں اور ایک مقام کو جلد ہی حتمی شکل دی جائے گی۔