news
English

ٹی 20 ورلڈکپ: سپر8 مرحلے میں افغانستان نے آسٹریلیا کو ہرادیا

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنزنے ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ افغان پلیئرگلبدین نائب میچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔ 

ٹی 20 ورلڈکپ: سپر8 مرحلے میں افغانستان نے آسٹریلیا کو ہرادیا

ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے سپر 8 مرحلے میں افغانستان نے پہلی بار بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی کی امیددیں برقرار رکھی ہیں جبکہ کینگروز کی آگے بڑھنے کی کوششوں کو دھچکا پہنچایا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے سپر ایٹ مرحلے میں سینٹ ونسٹنٹ میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے سابق عالمی چیمپئن آسٹریلیا کو اپ سیٹ شکست دے کر نہ صرف سیمی فائنل میں اپنی رسائی کی امیدوں کو قائم رکھا بلکہ کینگروز کو بھی اگلے مرحلے کے لیے مشکل میں ڈال دیا ہے۔ 
افغانستان کی جانب سے دیے گئے 149 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 19.2 اوورز میں 127 پر ڈھیر ہوگئی۔ یوں افغانستان نے 21 رنز سے زبردست فتح اپنے نام کی۔ 
آسٹریلیا کی جانب سے گلین میکسویل 59 رنز بنا کر سب سے نمایاں بلے باز رہے۔ ان کے علاوہ کوئی دوسرا بلے باز کریز پر زیادہ دیر نہ ٹک سکا جس کی وجہ سے میکسویل کی نصف سنچری ٹیم کے کام نہ آسکی۔  
کینگروز کی پہلی وکٹ صفر پر ہی گرگئی جب جارح مزاج اوپنر ٹریوس ہیڈ نوین الحق کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔
کپتان مچل مارش صرف 12 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور ٹیم کی نیا ڈولتی چھوڑ کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد کینگرو بلے باز پت جھڑ کے پتوں کی طرح ایک کے بعد ایک اپنی وکٹیں گنواتے رہے۔  
آسٹریلیا کے 8 کھلاڑی ڈبل فِگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ کینگروز کو کاری ضرب گلبدین نائب نے لگائی جنہوں نے 4 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، جبکہ تیزگیندبازنوین الحق نے تین کینگرو بلے بازوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔ کپتان راشد خان، محمد نبی اور عظمت اللہ عمر زئی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور افغان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 48 رنز بنائے۔ دونوں اوپنرز نے نصف سنچریاں اسکور کیں اور ٹیم کو 118 رنز کازبردست آغاز فراہم کیا۔ 
وکٹ کیپر بلے باز رحمت اللہ گرباز 49 گیندوں پر 60 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ابراہیم زردان نے 51 رنز بنائے۔ کریم جنت 13 اور محمد نبی 10 رنز بناسکے۔  
آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنزنے ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ افغان پلیئرگلبدین نائب میچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔ 

اس فتح کے ساتھ افغانستان نے سپر ایٹ کے گروپ ون سے سیمی فائنل میں رسائی کی امیدوں کو برقرار رکھا ہے تاہم آسٹریلیا کی پوزیشن اس وقت تذبذب کا شکار ہے۔