news
English

افغانستان سے شکست! بابراعظم کی آنکھوں میں آنسو تھے، افغان اوپنرکاانکشاف  

بابراعظم سے ملاقات کے اُس لمحے کو نہیں بھول سکتا، رحمان اللہ گرباز

افغانستان سے شکست! بابراعظم کی آنکھوں میں آنسو تھے، افغان اوپنرکاانکشاف  

افغانستان کے جارح مزاج اوپنر رحمان اللہ گرباز نے انکشاف کیا ہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں افغانستان کے خلاف غیرمتوقع ہار کے بعد گرین شرٹس کے کپتان بابراعظم کی آنکھوں میں آنسو آگئے تھے۔ 
معروف یوٹیوبر مومن ثاقب کو دیئے گئے انٹرویو میں افغان ٹیم کے اوپنر رحمان اللہ گرباز نے کہا کہ بابراعظم سے بیٹ دینے کی درخواست کرنے کے بعد مجھے ان کے جذبات کا اندازہ ہوگیا تھا، میں بابراعظم سے ملاقات کے اُس لمحے کو نہیں بھول سکتا، ہم نے پہلی بار پاکستان کو ون ڈے فارمیٹ میں شکست دی تھی اور یادگار کے طور پر پاکستانی کپتان سے بیٹ مانگا تھا تاہم جب ان کے ہاتھ سے بیٹ لیا تو وہ بہت مایوس نظر آرہے تھے۔
 
انہوں نے کہا کہ میں یہ بات بتانا چاہتا ہوں کہ اس شکست کے بعد بابراعظم کی آنکھوں میں آنسو تھے، وہ بس رونے ہی والے تھے۔ اس تاریخی شکست کے بعد ہر کوئی ان کے خلاف تھا لیکن میں انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔ وہ ثابت قدم رہے اور ہمت نہیں ہاری، وہ موجودہ دور کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔  
واضح رہے کہ رحمان اللہ گرباز کو قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم نے میچ کے بعد اپنا بیٹ تحفے میں دے دیا تھا، جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ 
 
آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں قومی ٹیم سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی، بعدازاں ناقص پرفارمنس کا اعتراف کرتے ہوئے بابراعظم نے تینوں فارمیٹس سے استعفیٰ دے دیا تھا اور قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض سے سبکدوش ہوگئے تھے۔