بینونی میں ہونے والے کوارٹر فائنل میں پاکستانی ٹیم نے افغان ٹیم کو 6 وکٹوں سے شکست دی
انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان نے کوارٹر فائنل میں افغانستان کو شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
بینونی میں ہونے والے کوارٹر فائنل میں پاکستانی ٹیم نے افغان ٹیم کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔ پاکستان نے 190 رنز کا ہدف 4 وکٹوں پر 42 ویں اوور میں حاصل کیا۔
محمد ہریرہ نے 64، حارث نے 29، حیدر علی نے 28 اور محمد قاسم نے 25 اسکور کیے، محمد ہریرہ کو میچ آف دی میچ قرار دیا گیا۔ قبل ازیں افغانستان کی پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 189 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ اب سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ بھارت سے ہوگا۔
2مرتبہ کی چیمپئن ٹیم کا آخری گروپ میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا،کھلاڑیوں نے 2 روز آرام کے بعد مسلسل 3 دن تک بھرپورٹریننگ کی، اس دوران عبدالواحد بنگلزئی ٹریننگ کرتے ہوئے ایڑھی کی انجری کا شکار ہو گئے تھے، 2 روز ریسٹ کے بعد گذشتہ روز انھوں نے ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا، البتہ میچ میں ان کی شرکت کا فیصلہ جمعے کی صبح ہی کیا جائیگا۔میچ کی فاتح ٹیم سیمی فائنل میں بھارت سے مقابلہ کرے گی۔
قبل ازیں کپتان روحیل نذیر نے کہا تھا کہ ہم زمبابوے کے خلاف گروپ میچ میں بہتر کارکردگی پیش نہ کرنے کا ازالہ کرنا چاہتے ہیں، بطور کپتان میں عمدہ کھیل پیش کرنے کی کوشش کروں گا، افغانستان کے خلاف میچ مارو یا مرجاؤ کی حکمت عملی کے تحت کھیلیں گے۔