news
English

حلفیہ کہتاہوں شاہین کو کپتا ن بنوانے کے لیے کوئی لابنگ نہیں کی، شاہدآفریدی

شاہین شاہ آفریدی کو ٹی 20 ٹیم کا کپتان بنائے جانے پر افواہوں کا بازار گرم، شاہد آفریدی کی اپنی پوزیشن کلیئر کرنے کی کوشش۔

حلفیہ کہتاہوں شاہین کو کپتا ن بنوانے کے لیے کوئی لابنگ نہیں کی، شاہدآفریدی

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنے داماد اور قومی ٹیم کے پیسر شاہین شاہ آفریدی کو کپتان بنائے جانے پر ردِ عمل جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہین کو کپتانی کے دبائو میں نہیں لانا چاہتا تھا، حلفیہ کہتاہوں کہ میں نے شاہین کو کپتا ن بنوانے کے لیے کبھی کوئی بات نہیں کی اور نہ ہی کبھی اس حوالے سے کوئی لابنگ کی ہے، میں ان چیزوں میں نہیں پڑتا اور نہ ہی مجھے اس قسم کی چیزوں کا کوئی شوق ہے۔ 
نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے شاہین آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان بنائے جانے کے بعد پھیلنے والی افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں حلفیہ کہتاہوں کہ میں نے شاہین کو کپتان بنانے کیلئے کسی سے کبھی کوئی بات نہیں کی، وزیراعظم سے ملاقات میں بھی کہا تھا کہ بابراعظم کو تبدیل نہ کریں، ذکا ء اشرف نے بھی جب رائے جانی تومیں نے یہی کہا کہ بابر کو کپتانی سے نہ ہٹایا جائے، دونوں سے کہا کہ اگر کپتان بدلنا ہی ہے تو محمد رضوان کو لے آئیں۔،، 
شاہد آفریدی نے کہا کہ میں چاہتا تھا شاہین کو کپتانی سے دور رکھوں، میں نے بھی ٹیم کی کپتانی کی ہے، محمد یوسف نے بھی کی ہے، ہم سب نے کپتانی کی ہےاور ہماری کپتانی کا اختتام ٹھیک نہیں رہا، مجھے پتا تھا کہ بابراعظم کے ساتھ یہ ہونا ہے، یہاں کا نظام ہی ایسا ہے کہ آخر میں کپتان کے ساتھ یہی ہوتا ہے۔
شاہد آفریدی کا کہناتھا کہ میرا اور شاہین کا رشتہ ایسا ہے لوگ کہیں گے کہ شاید سپورٹ کررہا ہے یا لابنگ کر رہا ہے، میں حلفیہ کہتاہوں کہ میں نہ ان چیزوں پڑتا ہوں اور نہ ہی مجھے شوق ہے۔
شاہد آفریدی نے شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان اور شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بنائے جانے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔