news

نسیم کے بعد شاہین، رضوان، بابراعظم کو بھی این او سی نہیں ملے گا

تینوں فارمیٹس میں کھیلنے والے قومی کرکٹرز کو انجریز اور تھکاوٹ سے بچانے کے لئے پی سی بی کے بڑے منصوبے۔

 نسیم کے بعد شاہین، رضوان، بابراعظم کو بھی این او سی نہیں ملے گا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) فرنچائز ٹورنامنٹس کے لئے کئی اہم کھلاڑیوں کے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹس (این او سی) روکنے پر غور کررہا ہے۔ 
کرک انفو کی ایک رپورٹ کے مطابق پی سی بی فاسٹ بولر نسیم شاہ کے بعد شاہین شاہ آفریدی، محمد رضوان، اور بابراعظم کو فرنچائز لیگز کیلئے این او سی جاری نہیں کرے گا۔ 
گزشتہ روز دی ہنڈریڈ میں کھیلنےکے لئے نسیم شاہ کی جانب سے بورڈ سے این او سی کی درخواست کی گئی تھی جسے پاکستان کرکٹ بورڈ نے یکسر مسترد کردیا تھا۔  
این او سی نہ ملنے کی صورت میں شاہین شاہ آفریدی، محمد رضوان، اور بابراعظم بھی گلوبل ٹی20 لیگ میں شرکت سے محروم رہ سکتے ہیں جبکہ یہ لیگ آئی سی سی سے بھی منظور شدہ نہیں ہے۔ 
بورڈ نے تینوں فارمیٹس میں کھیلنے والے قومی کرکٹرز کیلئے دیگر لیگز میں نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے کھلاڑیوں کو انجریز اور تھکاوٹ سے محفوظ رکھا جاسکے۔  
آل فارمیٹ پلیئرز کیلئے پالیسی چیئرمین محسن نقوی، ہیڈ کوچز اور شعبہ انٹرنیشنل کی میٹنگ میں طے کی گئی تھی، رواں سال تینوں فارمیٹس میں کھیلنے والے قومی کرکٹرز کو لیگز کے لیے این او سی نہ دیے جانے کا امکان ہے کیونکہ اگلے برس ان کرکٹرز کو مئی تک لگاتار کرکٹ کھیلنی ہے۔