news
English

اگر بھارتی ٹیم پاکستان آنے کو تیار نہیں، تو ہمارے میچ یو اے ای منتقل کیے جائیں

ون ڈے ورلڈکپ کے لئے پاکستانی ٹیم کی بھارت روانگی کو ایشیاکپ کے لیے بھارتی ٹیم کی پاکستان آمد سے مشروط کیا جاسکتا ہے۔

اگر بھارتی ٹیم پاکستان آنے کو تیار نہیں، تو ہمارے میچ یو اے ای منتقل کیے جائیں

آئی سی سی اور ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کی 3 رکنی ٹیم 17 مارچ کو دبئی کے لیے اڑان بھرے گی۔ پی سی بی مینیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی، چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر اور فیصل حسنین ان اجلاسوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

20 مارچ کو شیڈول انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس میں دوسرے اشوز کے ساتھ ون ڈے ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کی شرکت کا معاملہ بھی زیر بحث آئےگا جبکہ ذرائع کا کہنا ہےکہ پی سی بی حکام اس بارے میں سخت موقف اپنائیں گے۔

بھارت میں ون ڈے ورلڈکپ 10 اکتوبر سے شروع ہورہا ہے، یہ آئی سی سی ایونٹ ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ اس کا بائیکاٹ نہیں کرسکتا تاہم پاکستانی ٹیم کی بھارت روانگی کا معاملہ بہت اہم ہے۔

ورلڈکپ سے پہلے ستمبر میں ہونے والے ایشیاکپ کی میزبانی پاکستان کے سپرد ہے اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ جو ایشین کرکٹ کونسل کے صدر بھی ہیں نے اپنے طور پر اس بات کا اعلان کررکھا ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستانی نہیں جائے گی اور ایشیاکپ یواے ای میں ہوگا۔

 پاکستان کرکٹ بورڈ حکام جے شاہ کے اس یک طرفہ فیصلے پر سیخ پا ہیں، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے بھی آئی سی سی اجلاس میں بھارتی بورڈ کو آڑے ہاتھوں لینے کی حکمت عملی ترتیب دی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ حکام آئی سی سی اجلاس میں یہ مطالبہ کریں گے کہ اگر بھارتی ٹیم پاکستان آنے کو تیار نہیں تو پھر ہم بھی بھارت جاکر نہیں کھیلیں گے، پاکستان کے میچز یو اے ای میں رکھے جائیں۔