news
English

اسلام آباد کے احمد صفی عبداللہ نے لاہورکے خلاف کامیابی کا اصل راز بتا دیا

پہلا میچ ہونے کی وجہ سے پریشر بھی تھا مگر ہمت نہیں ہاری

اسلام آباد کے احمد صفی عبداللہ نے لاہورکے خلاف کامیابی کا اصل راز بتا دیا فوٹو: شفیق ملک

لاہور: لاہور قلندرز کے خلاف ایک وکٹ سے کامیابی حاصل کرنے والے اسلام آباد یونائیٹڈ کے احمد صفی عبداللہ نے کامیابی کا اصل راز بتا دیا۔

لاہور قلندرز کے خلاف فتح کے بعد قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کے دوران احمد صفی عبداللہ کا کہنا تھا کہ جب بیٹنگ کے لئے گیا تو ہمیں جیتنے کے لئے 25 رنز درکار تھے اور آخری وکٹ باقی تھی، پہلا میچ ہونے کی وجہ سے پریشر بھی تھا مگر ہمت نہیں ہاری۔

احمد صفی عبداللہ نے کہا کہ موسی خان سے کہا کہ آخری گیند تک کھیل گئے تو جیت جائیں گے، بیٹنگ کے دوران مسلسل درود شریف بھی پڑھ رہا تھا اللہ تعالی کا شکر گزار ہوں کہ جس نے مجھے اتنی عزت سے نوازا، کوچ مصباح الحق نے بھی یہی نصیحت کی تھی کہ باﺅنڈری کی بجائے سنگلز لینے پر فوکس کرنا، اسکور خود بخود ہوجائیں گے۔

ایک سوال پر احمد صفی عبداللہ نے کہا لاہور قلندرز کے بولرز آخری دو، تین اوورز میں ہمیں آﺅٹ کرنے کی بجائے رنز بچانے کی طرف گئے جس کا ہمیں فائدہ ہوا۔ احمد صفی نے کہا کہ ہمارے آئندہ میچز پنڈی اسٹیڈیم میں ہیں، اسلام آباد اور راولپنڈی کے کرکٹ فین سے یہی کہوں گا کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں اور ہمیں بھر پور انداز میں سپورٹ کریں۔