news
English

رویندرجڈیجا کے ون ڈے کیرئیرکو بریک لگنے کا امکان! بی سی سی آئی کا عندیہ

بھارتی آل راؤنڈر کو سری لنکا کیخلاف سیریز میں بھی اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔

رویندرجڈیجا کے ون ڈے کیرئیرکو بریک لگنے کا امکان! بی سی سی آئی کا عندیہ

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آل راؤنڈر رویندر جڈیجا کے ون ڈے کیرئیر کو جلد بریک لگنے کا عندیہ دے دیا۔ 
تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ نئے ہیڈکوچ گوتم گمبھیر پاکستان میں ہونے والی چیمپئینز ٹرافی 2025 سے قبل نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہتے ہیں جس کے باعث جڈیجا کا ون ڈے کیرئیر اختتام پذیر ہوسکتا ہے۔ 
چیمپئینز ٹرافی 2025 سے قبل بھارتی ٹیم محض 6 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی جس میں تین میچز سری لنکا کیخلاف سیریز میں شامل ہیں، جس میں سلیکٹرز اکشر پٹیل اور واشنگٹن سندر کو زیادہ سے زیادہ مواقع دینا چاہتے ہیں۔ 

دوسری جانب سری لنکا کیخلاف سیریز کیلئے بھی رویندرا جڈیجا کو اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے۔ 
بی سی سی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ ون ڈے میں آل راؤنڈر کی جگہ بننی مشکل ہے تاہم ریڈ بال فارمیٹ اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کے فائنل میں وہ اسکواڈ کا حصہ ہوسکتے ہیں۔
سال 2019 کے ون ڈے ورلڈکپ کے بعد سے جڈیجا نے 40 کی اوسط اور 84 کے اسٹرائیک ریٹ سے بلے سے 644 رنز بنائے ہیں جبکہ بالنگ کے دوران 37 کی اوسط سے 44 وکٹیں اور 4.9 اکانومی رہی۔ 
بھارتی حکام کا کہنا ہے جڈیجا کی کارکردگی میں کوئی مسئلہ نہیں، البتہ مینجمنٹ دوسرے آپشنز کو موقع دینا چاہتی ہے تاکہ مستقبل کیلئے ٹیم تشکیل دی جاسکے۔