سعید اجمل نے کہاکہ محمد عامر کی باتوں سے ایسا لگتا ہے جیسے ان کے ساتھ اچھا برتاؤ نہیں کیا گیا
سعید اجمل نے کہا ہے کہ محمد عامرمایوسی میں ریٹائرہوئے تھے تاہم اب واپس آناچاہتے ہیں۔
پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pkکے پروگرام ’’کرکٹ کارنر ود سلیم خالق‘‘ میں گفتگوکرتے ہوئے سعید اجمل نے کہاکہ محمد عامر کی باتوں سے ایسا لگتا ہے جیسے ان کے ساتھ اچھا برتاؤ نہیں کیا گیا، میں نہیں جانتا کہ مینجمنٹ سے ان کے پس پردہ کیا معاملات چل رہے تھے، پیسر کہہ رہے ہیں کہ مصباح الحق اور وقار یونس کی موجودگی میں کرکٹ نہیں کھیلوں گا،کسی کھلاڑی کیلیے مناسب نہیں ہے کہ وہ کوچز کو فارغ کرنے کا مطالبہ کرے، ان کو کارکردگی دکھاکر ٹیم میں اپنی جگہ پکی کرنا چاہیے تھی، میرے خیال میں محمد عامر نے مایوسی میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتو دیا مگر اب واپس آنا چاہتے ہیں، انھوں نے اگر فیصلہ کرہی لیا ہے تو اسے برقرار بھی رکھیں۔
سابق آف اسپنر نے کہا کہ پاکستان کے پاس فی الحال یاسر شاہ کا کوئی متبادل موجود نہیں ہے،ان کی ابھی 2یا 3سال کی کرکٹ باقی ہے،اگر وہ فٹ ہیں تو ملک کیلیے کھیلنا چاہیے،ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے ٹاپ پرفارمر کو آپ اس انداز میں ڈراپ نہیں کرسکتے،بابر اعظم اور اظہر علی نے خود کہا ہے کہ سال میں 5یا 6ٹیسٹ ہی ہوتے ہیں تو اس صورتحال میں نئے کھلاڑیوں کو کس طرح مواقع دے سکتے ہیں،محدود تعداد میں میچز کے دوران بھی یاسر شاہ کو آرام دے دیں تو وہ کیا کارکردگی دکھائیں گے۔
ایک سوال پر سعید اجمل نے کہا کہ نعمان علی نے ابھی تک اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے مگر ان کے بارے میں کوئی رائے قائم نہیں کی جا سکتی، ٹاپ ٹیموں کیخلاف کھیلتے ہوئے ہی ان کی صلاحیتوں کا درست اندازہ کیا جا سکے گا، قدرے تیز گیند کرنے والے اسپنر ایشیائی کنڈیشنز میں تو کامیاب ہوسکتے ہیں لیکن انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں گیند کو لوپ دینا پڑتی ہے،نعمان کی گیند زیادہ اسپن نہیں ہوتی، ان کو اس ضمن میں کام کرنا ہوگا، ساجد خان کو بھی محنت کی ضرورت ہے۔