news
English

شعیب اختر بھی ساؤتھمپٹن ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی کارکردگی سے مایوس

سابق فاسٹ بولر کے مطابق گرین کیپس نے دوسرے ٹیسٹ میں ہر شعبے میں غیر تسلی بخش کارکردگی دکھائی

شعیب اختر بھی ساؤتھمپٹن ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی کارکردگی سے مایوس فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ ٹیم کی ساﺅتھمپٹن ٹیسٹ میں کارکردگی نے شعیب اختر کو بھی مایوس کر دیا۔

سابق فاسٹ بولر کے مطابق گرین کیپس نے دوسرے ٹیسٹ میں ہر شعبے میں غیر تسلی بخش کارکردگی دکھائی۔ ٹیم کہیں بھی فائٹ بیک کرتی نظر نہیں آئی۔

اپنے ایک انٹرویو میں ماضی کے عظیم فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کا ڈرا ہوا مائنڈ سیٹ اب زیادہ دیر تک چل نہیں سکتا۔ پاکستان میں تو شائقین پہلے ہی کرکٹ دیکھنا چھوڑ گئے ہیں،اگر پاکستانی ٹیم اسی طرح کھیلتی اور بولنگ کرتی رہی تو مستقبل میں بھی اسی طرح کے مسائل  رہیں  گی۔

شعیب اختر نے کہا کہ میں 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرنے والے کھلاڑیوں عبدالرزاق، اظہر محمود اور عاقب جاوید کے ساتھ کھیلا ہوں۔ یہ بولرز مڈل میں آ کر ٹیم کو آﺅٹ کر کے دیتے تھے۔ جیفرا آرچر سمیت دوسرے انگلش بولرز نے باﺅنسرز سمیت ہر طرح کی ورائٹی استعمال کی، مجھے سمجھ نہیں آتا کہ ہمارے بولرز کو کیا سکھایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے  سب بولرز ایک ہی طرح کی بولنگ کرتے جا رہے ہیں،منیجمنٹ پلیئرز کو کیا سمجھا کر بھیج رہے ہیں کہ کرنا کیا ہے، بولرز کے اندر جارحانہ پن کا انجکشن نہیں لگایا گیا، پلیئرز کو بتانا پڑے گا کہ کیسے بولنگ اور بیٹنگ کرنی ہے۔

پاکستانی ٹیم کی طرف سے اب تک بڑی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ مجھے کہیں نہیں لگا کہ پاکستانی ٹیم انگلینڈ ٹیسٹ سیریز جیتنے گئی ہے۔ دوسرے ٹیسٹ میں تو بیٹنگ، بولنگ، کپتانی اور منیجمنٹ سب کی کارکردگی بڑی مایوس کن رہی ہے۔