news
English

پی ایس ایل جاری رکھنے کی تجویز پر شعیب اختر برہم

پی سی بی نے لیگ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ 6 دن تاخیر سے کیا، سابق فاسٹ بولر

پی ایس ایل جاری رکھنے کی تجویز پر شعیب اختر برہم فوٹو: ٹویٹر

پشاورزلمی کی جانب سے پی ایس ایل جاری رکھنے کے بیان کو شعیب اختر نے آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک فرنچائز مقابلے جاری رکھنے کے حق میں تھی، کورونا وائرس کے باوجود لیگ کو جاری رکھنے کی فاش غلطی کی گئی۔

ایک ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے پشاوزلمی کے مالک جاوید آفریدی نے کہا تھا کہ میں نے پی ایس ایل کے باقی میچز کو ملتوی کرنے کے فیصلے سے اتفاق کیا لیکن میری ذاتی رائے میں ایونٹ کو مکمل کرلینا چاہیے تھا، پی سی بی اور فرنچائززکی میٹنگ میں میرا مؤقف تھا کہ یہ صرف 48 گھنٹے کی بات ہے، لہٰذا پی ایس ایل کومکمل کرلینا بہتر ہوگا۔

اس حوالے سے اپنے ردعمل میں شعیب اختر نے کہا کہ فرنچائز مالکان میں سے ایک نے کہا ہے کہ باقی میچز کروالینا چاہیے تھے، تصور کریں اگرکراچی یا لاہور کے کسی اسٹیڈیم میں کورونا پھیل جائے تو کیا ہوتا، میرے خیال میں تو پی سی بی نے پہلے بھی ایونٹ جاری کررکھنے کی فاش غلطی کی، یقین ہے کہ اگر مشتبہ کیس سامنے نہ آتا تو بورڈ مقابلے منعقد کروانے کا سلسلہ جاری رکھتا۔

سابق اسپیڈ اسٹار نے کہا کہ جب کورونا وائرس کا پھیلائو شروع ہوا تو ہمیں کسی بھی تذبذب کا شکار ہوئے بغیر دنیا کیساتھ متحد ہوکر کھڑا ہونا چاہیے تھا، پی سی بی نے لیگ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ 6 دن تاخیر سے کیا، لوگوں کو خطرے میں ڈالنے والا قدم کسی طور معقول نہیں کہا جاسکتا۔

یاد رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد بھی پی سی بی نے پی ایس ایل کے مقابلوں کا سلسلہ جاری رکھا، آخر میں چند لیگ میچز بغیر تماشائیوں کے بھی کروائے گئے۔