news
English

کامران اکمل کے زبان و بیان پر شعیب اختر کا طنز

پریزنٹیشن تقریب میں آنے والے پاکستانی کرکٹرز عجیب و غریب نظر آتے ہیں، سابق اسپیڈ اسٹار

کامران اکمل کے زبان و بیان پر شعیب اختر کا طنز

نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے کہا کہ پریزنٹیشن تقریب میں آنے والے پاکستانی کرکٹرز عجیب و غریب نظر آتے ہیں، انہیں بات کرنے کا طریقہ نہیں معلوم اور نہ ہی انہیں انگلش بولنا آتی ہے جبکہ سیکھنے کی کوشش بھی نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ کامران اکمل اپنی بات چیت میں اسکرین کو سکرین کہہ رہے تھے، یہ لوگ یہ کیوں نہیں سوچتے کہ یہ پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں اور پوری دنیا انہیں دیکھتی ہے، انہیں اپنے زبان و بیان پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اگر انگلش نہیں آتی تو سیکھنے میں کوئی حرج نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بابراعظم پاکستان کا سب سے بڑا برانڈ ہے لیکن وہ انٹرنیشنل لیول پر پاکستان کا سب سے بڑا برانڈ کیوں نہیں بن سکا؟ اس کی وجہ یہ ہے کہ اسے گفتگو کا ہنر نہیں آتا جیسے بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کو بولتے دیکھیں، وہ بلے بازی کے ساتھ بہترین انداز میں بات چیت کا ہنر بھی جانتا ہے اسی لیے انٹرنیشنل اسٹار ہے۔
دوسری جانب  پشاور زلمی کے بیٹنگ کوچ کامران اکمل نے سابق فاسٹ بولر کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تبصرے پبلسٹی اسٹنٹ کے سوا کچھ نہیں ہوتے کیونکہ انہیں سکرین پر زیادہ وقت نہیں ملتا تو وہ ہیڈ لائنز میں رہنے کے لئے ایسی باتیں کرتے ہیں۔

کامران اکمل نے بابراعظم کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ بابر کا کام کرکٹ کھیلنا ہے اور دوسری چیزوں کے لئے ان پر تنقید کرنا ناانصافی ہے، جہاں تک اس کے بولنے اور میڈیا کو سنبھالنے کا تعلق ہے وہ دن بہ دن بہتر ہورہا ہے۔

 قبل ازیں شعیب اختر کی جانب سے انٹرویو میں شاہین آفریدی پر تنقید اور 2002 میں کپتانی کی پیشکش سمیت کئی اہم رازوں سے پردہ اٹھایا تھا، جس کے بعد شائقین اور سابق کرکٹرز کی جانب سے ان پر شدید تنقید کی گئی تھی۔

Shoaib Akhtar mocks Kamran Akmal live on air, while explaining his 'Babar Azam can't speak' comment#cricket pic.twitter.com/v6HgLDvOCP

— Cricket Pakistan (@cricketpakcompk) February 23, 2023