news
English

امریکی کرکٹ بورڈ نے اپنے افغان سی ای او کو برطرف کردیا

افغانستان سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر نورمحمد کو گزشتہ برس جولائی میں امریکی کرکٹ بورڈ کا سی ای او بنایا گیا تھا۔

امریکی کرکٹ بورڈ نے اپنے افغان سی ای او کو برطرف کردیا

امریکی کرکٹ بورڈ نے افغانستان سے تعلق رکھنے والے اپنے چیف ایگزیکٹیو افسر (سی ای او) ڈاکٹر نور محمد کو فوری طور پر برطرف کر دیا۔ 
امریکی کرکٹ بورڈ نے اپنے تازہ ترین بیان میں کہاہے کہ ملک میں کھیل کے بہترمفاد کے لیے ڈاکٹرنورمحمدکا معاہدہ ختم کردیا گیا ہے۔ 
امریکی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین وینو پیسیکے کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ بڑے غوروفکر کے بعد کیا گیا ہے اور ادارے کے بہترین مفاد میں ہے، ہم امریکا میں تنظیم اور کرکٹ کی مسلسل بہتری کے لیے مزید تبدیلیاں کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
ڈاکٹر نور محمد مراد اس سے قبل افغانستان کرکٹ بورڈ(اے سی بی) کے سی ای او بھی رہ چکے ہیں اور گزشتہ برس جولائی میں امریکی کرکٹ بورڈ کے سی ای او کے عہدے کے لیے منتخب کیے گئے تھے۔ 
کابل میڈیکل یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ڈاکٹرنورمحمدمراد اقوام متحدہ کے فنڈ برائے آبادی کے لیے خدمات بھی انجام دے چکے ہیں۔ 
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے تسلیم شدہ یوایس اے کرکٹ قومی فیڈریشن ہونے کے ناطے امریکا میں ہرسطح پر کرکٹ کا کنٹرول رکھنے، اسے ریگولیٹ کرنے اور کھیل کو فروغ  دینے کی ذمہ دار ہے۔