news
English

بھارت کے خلاف میچ میں گرین شرٹس کو ایک تبدیلی کا مشورہ

قومی ٹیم کے سابق پیسر محمد عامر نے بھارت کے خلاف میچ کے لیے اسامہ میر کو ٹیم میں شامل کرنے کا مشورہ دے دیا۔

بھارت کے خلاف میچ میں گرین شرٹس کو ایک تبدیلی کا مشورہ

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے بھارت کیخلاف میچ کیلئے گرین شرٹس کو ٹیم میں ایک تبدیلی کا مشورہ دے دیا۔  
پاکستانی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر کا خیال ہے کہ بھارت میں جاری آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے دوران مین ان گرین کی ٹیم کے کمبی نیشن میں ایک تبدیلی کی جانی چاہیے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے، بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز نے کہا کہ لیگ اسپنر اسامہ میر کو گرین شرٹس کی پلیئنگ الیون کا حصہ ہونا چاہیے۔ تاہم، انہوں نے اس کھلاڑی کا نام نہیں بتایا جس کی جگہ اسامہ کو ٹیم میں شامل کیا جانا چاہیے۔ 
محمدعامر نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہ اگر وہ ٹیم مینجمنٹ کا حصہ ہوتے تو وہ بھارت کے خلاف میچ میں کیا تبدیلیاں لائیں گے، کہا کہ “میں اس بارے میں بات نہیں کروں گا کہ کس کو ٹیم سے باہر کیا جائے لیکن میں اسامہ میر کو ٹیم کمبی نیشن میں لانے کی کوشش کروں گا کیونکہ آپ کو مڈل اوورز میں وکٹوں کی ضرورت ہوتی ہے اور وہ اس قسم کا بولر ہے جو فارم میں ہے اور وکٹیں لے رہا ہے۔،، 
انہوں نے کہا کہ اسامہ میر تھوڑی بیٹنگ بھی کر سکتے ہیں، اس لیے میرا خیال ہے کہ گرین شرٹس کو بھارت کے خلاف میچ میں اسامہ میر کو اسکواڈ میں شامل کرنا چاہیے‘‘۔
واضح رہے کہ 14 اکتوبر کو احمد آباد میں ہونے والے میگا ایونٹ کے دوران پاکستان اپنے اگلے میچ میں بھارت سے ٹکرائے گا۔ اس سے قبل پاکستان نے اپنی شاندار فارم کو جاری رکھا اور منگل کو آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے آٹھویں میچ میں سری لنکا کے خلاف تاریخی جیت درج کی۔ مین ان گرین نے آئرلینڈ کو پیچھے چھوڑ کر ون ڈے ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز کا تعاقب کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔