news
English

پی ایس ایل: عامر، عماد اور بابراعظم کے درمیان کوئی رنجش ضرور ہے، احمد شہزاد

  کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر احمد شہزاد کا کہنا ہے کہ محمد عامر، عماد وسیم اور بابراعظم کے درمیان کوئی رنجش ضرور ہے۔

پی ایس ایل: عامر، عماد اور بابراعظم کے درمیان کوئی رنجش ضرور ہے، احمد شہزاد

ایکسپریس نیوز کے پروگرام میں تبصرہ کرتے ہوئے اوپنر احمد شہزاد نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن کے آغاز سے قبل محمد عامر اور عماد وسیم کی جانب سے دیئے گئے بیانات کی وجہ سے لگتا ہے کہ کپتان بابراعظم کیساتھ دونوں کے معاملات ٹھیک نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹی وی پر گردش کررہے بیانات کو غور سے دیکھیں تو لگتا ہے کہ یہ دشمنی پی ایس ایل 8 کو ہائپ دے رہی ہے، میرے خیال میں بعض اوقات دل میں کچھ چیزیں ہوتی ہیں جو آہستہ آہستہ باہر آتی ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ ہمیں گراؤنڈ میں ایسی مزید چیزیں نظر آئیں گی۔

قبل ازیں شاہین شاہ آفریدی نے بابراعظم کے حوالے سے محمد عامر کے حالیہ بیان پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ بابر قومی ٹیم کے کپتان ہیں ہم ان کی عزت کرتے ہیں، ہم نہیں کریں گے تو کون کرے گا؟۔

دوسری جانب لیگ اسپنر یاسر شاہ نے محمد عامر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ بلے باز کو پویلین کی راہ دکھانے کے لئے بالر کو صرف ایک اچھی گیند پھینکنے کی ضرورت ہوتی ہے لیکن غلط الفاظ کا انتخاب ضروری نہیں، عامر کو خود پر بھروسہ ہے تاہم اسے اس بات کا احساس کرنا چاہیے کہ بالر کا بھی برا دن ہوتا ہے۔

 واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے میچ سے قبل محمد عامر نے چونکا دینے والا بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ میرا کام وکٹیں لینا ہے اس سے قطع نظر کہ کون سا بلےباز کریز پر موجود ہے، خواہ وہ بابراعظم ہوں یا کوئی ٹیل اینڈر، بالنگ کروانا یکساں ہے۔

 اس میچ میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 2 رنز سے شکست دی تھی جبکہ کپتان بابراعظم نے 46 گیندوں پر 68 رنز کی اننگز کھیل کے مداحوں سے داد سمیٹی تھی۔ میچ کے دوران عامر نے اپنے 4 اوورز کے کوٹے میں بغیر کوئی وکٹ لیے 42 رنز لٹائے تھے۔