news
English

امیتابھ بچن کو ورلڈ کپ کا فائنل نہ دیکھنے کی وارننگ مل گئی

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار اور بِگ بی کے نام سے مشہور امیتابھ بچن کو آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کا فائنل میچ نہ دیکھنے کی وارننگ مل گئی۔

امیتابھ بچن کو ورلڈ کپ کا فائنل نہ دیکھنے کی وارننگ مل گئی

گزشتہ روز ممبئی کے وانکھیڑے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 70 رنز سے شکست دے کر 12 سال بعد آئی سی سی ورلڈ کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ 
ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں پہنچنے پر شاہ رخ خان، انوشکا شرما سمیت بالی ووڈ کی کئی مشہور شخصیات نے بھارتی ٹیم کو مبارکباد دی جبکہ امیتابھ بچن کی پوسٹ کے بعد تو اُنہیں ورلڈ کپ کا فائنل نہ دیکھنے کی وارننگ مل گئی۔
 
امیتابھ بچن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ “میں جب میچ نہیں دیکھتا ہوں تو بھارتی ٹیم جیت جاتی ہے”۔   
بالی ووڈ بِگ بی کی پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین نے تبصروں کی برسات کردی اور لیجنڈری اداکار کو فائنل نہ دیکھنے کا مشورہ دینے لگے۔ ایک صارف نے ہاتھ جوڑتے ہوئے اپیل کی اور کہا کہ “برائے مہربانی سر آپ فائنل میچ نہیں دیکھنا”۔
 
ایک اور صارف نے کہا کہ “بچن جی! غلطی سے بھی ورلڈ کپ کا فائنل میچ نہیں دیکھ لینا”۔
امن نامی صارف نے امیتابھ بچن کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ “اگر آپ نے ورلڈ کپ کا فائنل دیکھا تو ہم آپ کا گیم شو ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ کبھی نہیں دیکھیں گے”۔
 
کمال کمار نامی صارف نے کہا کہ “آپ ورلڈ کپ کا فائنل نہ دیکھنے کی قربانی دے دیں پھر ہم ایک ساتھ بھارت کی جیت کا جشن منائیں گے”۔  ایک صارف نے تو امیتابھ بچن سے کہا کہ “آپ فائنل نہیں دیکھنا، میں خود آپ کو ذاتی طور پر میچ کی جھلکیاں بھیج دوں گا”۔ 
 واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کا فائنل میچ 19 نومبر کو احمد آباد کے نریندر مودی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔