news

امی رشتہ مانگنے بھائی کے ہمراہ گئی تھیں، شاہین آفریدی کا انکشاف

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے پہلی بار اپنی اہلیہ انشا آفریدی سے شادی کے حوالے سے بتایا ہے۔

امی رشتہ مانگنے بھائی کے ہمراہ گئی تھیں، شاہین آفریدی کا انکشاف

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں انٹرویو دیتے ہوئے فاسٹ بولر شاہین آفریدی سے سوال ہوا کہ انشا سے پہلی ملاقات کیسے ہوئی تو انہوں نے کہا کہ سابق کرکٹر شاہد آفریدی اور ان کے بھائی ریاض آفریدی کی دوستی تھی تو ایک دوسرے کے گھر آنا جانا رہتا تھا تو وہیں ملاقات ہوجایا کرتی تھی ویسے کوئی باقاعدہ ملاقات نہیں ہوئی۔

انہوں نے شاہد آفریدی سے متعلق سوال پر کہا کہ آج بھی انہیں لالہ کہہ کر مخاطب کرتا ہوں، وہ بظاہر غصے کے تیز معلوم ہوتے ہیں لیکن ایسا بالکل نہیں ہے۔

فاسٹ بولر نے شادی کے حوالے سے کیے گئے سوال پر کہا کہ ‘شادی مجھے کرنی تھی تو خیال بھی مجھے ہی آیا لیکن ان کے گھر بھائی کے ساتھ امی رشتہ مانگنے گئی تھیں‘۔

ایک سوال کہ انشا کو آپ کی بیٹنگ یا بولنگ میں زیادہ پسند کیا ہے جس پر شاہین نے کہا کہ بولنگ تو ظاہر ہے میں کرتا ہی ہوں لیکن جب زیادہ بیٹنگ نہیں کرتا تو وہ کہتی ہے بیٹنگ کیا کرو۔

انہوں نے کہا کہ اہلیہ میرے کھیل میں زیادہ دلچسپی نہیں رکھتیں لیکن ہر چیز میں سپورٹ کرتی ہیں۔