news
English

بابراعظم غیرمعمولی صلاحیتوں کے حامل کرکٹر ہیں، اینڈی فلاور  

اس سال اور آئندہ برس بھی ایچ بی ایل پی ایس ایل کے لیے دستیاب نہیں ہوں گا، سابق کرکٹر

بابراعظم غیرمعمولی صلاحیتوں کے حامل کرکٹر ہیں، اینڈی فلاور  

سابق کرکٹ اسٹاراور کوچ اینڈی فلاور نے کہا ہے کہ بابراعظم غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل کرکٹر ہیں۔ 
آئی ایل ٹی20 میں گلف جائنٹس کی کوچنگ کرنے والے اینڈی فلاور نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ
www.cricketpakistan.com.pk کو خصوصی انٹرویو میں کیا۔ 
انھوں نے کہا کہ پاکستانی ڈریسنگ روم کا حصہ نہ ہونے کی وجہ سے بابر اعظم کو کپتانی سے ہٹائے جانے کے بارے میں بات نہیں کرسکتا، جہاں تک فارم کا سوال ہے تو ٹی 20سیریز میں انھوں نے اچھی اننگز کھیلیں، مجموعی طور پر تسلسل کے ساتھ رنز بنائے، کوئی سپرمین نہیں ہوتا کہ ہمیشہ اعلیٰ ترین معیار کی کارکردگی کا مظاہرہ کرے، بابر اعظم غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل کرکٹر ہیں۔ 
انھوں نے کہا کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں مہمان ٹیموں کو مشکل پیش آتی ہے، پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیسٹ سیریز میں اچھے مقابلے دیکھنے میں آئے مگر گرین کیپس اگر چند اہم کیچز ڈراپ نہ کرتی تو نتیجہ اپنے حق میں کرسکتے تھے، مجموعی طور پر مہمان ٹیم نے آسٹریلیا کی مشکل کنڈیشنز میں جیسی کرکٹ کھیلی اس پر کھلاڑیوں کو فخر ہونا چاہیے۔ 
سابق کوچ کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کو وائٹ بال کرکٹ میں بہترین کھلاڑیوں کی خدمات میسر ہیں، حقیقی پاور ہٹرز بھی موجود ہیں، کیویز کو ہوم گراؤنڈ پر ہرانا کبھی آسان نہیں ہوتا، کوئی بھی غلطی کریں تو اس کی سزا برداشت کرنا پڑتی ہے،میرے خیال میں دونوں ٹورز بہت مشکل تھے۔ 
اینڈی فلاورنے کہا کہ گذشتہ سال بغیر کسی وقفے کے آئی ایل ٹی 20، ایچ بی ایل پی ایس ایل اور آئی پی ایل میں ٹیموں کیلیے خدمات سرانجام دینے سے میں تھکاوٹ کا شکار ہوا، اسی لیے رواں سال پاکستانی لیگ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گا،اگلے سال بھی شیڈول آئی ایل ٹی ٹوئنٹی سے متصادم ہونے کی وجہ سے میرے لیے پی ایس ایل کا حصہ بننا ممکن نہیں ہوگا۔