سوال، جواب کے سیشن کے دوران انوشکا شرما اپنی ہی فلم کا گانا بھول گئیں۔
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ انوشکا شرما اور اُن کے شوہر بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے درمیان دلچسپ سوال و جواب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کا شمار بھارت کی مقبول ترین جوڑیوں میں ہوتا ہے، اس جوڑی کے مداح اُن کی پیشہ ورانہ اور ذاتی زندگیوں کے بارے میں جاننے کے لیے بے چین رہتے ہیں، مداحوں کی اسی بےچینی کو مدنظر رکھتے ہوئے حال ہی میں انوشکا اور کوہلی نے سوال و جواب کا ایک سیشن رکھا۔
اس سیشن میں انوشکا شرما اور ویرات کوہلی نے ایک دوسرے سے دلچسپ سوال پوچھے جس کی ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر وائرل ہورہی ہے۔
انوشکا شرما نے ویرات کوہلی سے سوال کیا کہ “گھر میں آپ اپنا مثالی اتوار (آئیڈیل سنڈے) کس طرح گُزارنا پسند کریں گے؟
اس کا جواب دیتے ہوئے کوہلی نے کہا کہ “ہم اپنے فیملی روم میں کافی کا کپ لیے ہماری بیٹی وامیکا کے ساتھ وقت گُزاریں گے، کھیلیں گے، بلاکز کے ساتھ کھیلیں گے اور بچوں کی تصاویر والی کتابوں میں رنگ بھی بھریں گے”۔
ویرات کوہلی نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ “جب ہماری بیٹی سو جائے گی تو پھر ہم کچھ دیر کے لیے ٹی وی پر کوئی بھی فلم وغیرہ دیکھیں گے”۔
انوشکا شرما نے کوہلی سے اگلا سوال کیا کہ “وہ کہاں چھٹیاں گُزارنا چاہیں گے؟” جس پر کوہلی نے کہا کہ “وہ اپنی بیٹی وامیکا کے ساتھ جنوبی افریقا کے سفاری پارک جانا چاہیں گے”۔
اداکارہ نے اپنے شوہر کے سب سے بڑے خوف کے بارے میں سوال کیا کہ “آپ کا سب سے بڑا خوف یارکر ہے یا باؤنسر؟” جس پر کوہلی نے “باؤنسر! میرا مطلب ہے، میں کچھ نہیں کہہ سکتا لیکن ان دونوں میں سے، میرے لیے باؤنسر زیادہ مشکل ہے”۔
ایک سوال کے جواب میں ویرات کوہلی نے کہا کہ “مانچسٹر سٹی اُن کا پسندیدہ فٹبال کلب ہے”۔
انوشکا کے سوالوں کے جواب دینے کے بعد ویرات کوہلی نے بھی اپنی اہلیہ سے چند دلچسپ سوال پوچھے، کوہلی نے انوشکا شرما کی فلم کے ایک گانے کے چند بول پڑھ کر گانے کا نام پوچھا جس کے جواب میں بالی ووڈ اداکارہ کشمکش کا شکار نظر آئیں اور کہا کہ “مجھے یہ گانا یاد نہیں آرہا”۔
کوہلی نے انوشکا سے اُن کی کرکٹ کی پسندیدہ یاد کے بارے میں پوچھا جس پر اداکارہ نے جواب دیا کہ “فی الحال، آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں پاک بھارت میچ پسندیدہ یاد ہے”۔
ویرات کوہلی نے اہلیہ سے پوچھا کہ “آپ کو صبح کی کافی بالکونی میں بیٹھ کر پینا پسند ہے یا کاوْچ (صوفہ) پر بیٹھ کر؟” جس پر انوشکا نے کہا کہ “کاوْچ پر کیونکہ ہم بالکونی میں جاتے ہی نہیں”۔
سیشن کے آخری سوال کا جواب دیتے ہوئے انوشکا شرما نے کہا کہ “میں نڈر ہوں، مجھے کسی چیز سے ڈر نہیں لگتا”۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے انوشکا شرما کے حاملہ ہونے کی افواہیں گردش کر رہی ہیں، بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ کہا جا رہا تھا کہ اداکارہ اور ویرات کوہلی اپنی بیٹی وامیکا کے بعد اپنے دوسرے بچے کی توقع کر رہے ہیں۔
ویرات کوہلی اور انوشکا شرما نے سال 2017 میں اٹلی میں شادی کی تھی، اس جوڑے کے ہاں جنوری 2021 میں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام اُنہوں نے وامیکا رکھا۔