سرفراز نے 3سال تک موقع کا انتظار کیا اور پھر اپنا انتخاب درست ثابت کردکھایا، بابر اعظم
ٹیسٹ کرکٹ میں سنگ میل عبور کرنے پر ساتھی کھلاڑیوں نے یادگارانداز میں سرفراز احمد اور عبداللہ شفیق کی حوصلہ افزائی کی۔
امام الحق نے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کو تحفے میں چھوٹا بیٹ پیش کیا جس پر 3 ہزار رنز کے الفاظ درج تھے، اسی طرح ایک ہزار رنز مکمل کرنے پر سرفراز احمد نے عبداللہ شفیق کو بھی چھوٹا بیٹ تحفے میں دیا۔
بابراعظم نے اس موقع پر ساتھی کھلاڑیوں سے مختصر خطاب میں کہا کہ سرفراز نے 3سال تک موقع کا انتظار کیا اور پھر اپنا انتخاب درست ثابت کر دکھایا، وہ گذشتہ سیریز کے بہترین کرکٹر بنے، میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے، جب وہ کپتان تھے تو ان سے ڈانٹ بھی کھائی، اس میں پیار بھی تھا، وہ ہم سے اچھی پرفارمنس چاہتے تھے۔
قومی ٹیم کے کپتان نے عبداللہ شفیق سے کہا کہ ابھی صرف ایک چھوٹا سا سنگ میل عبور کیا ہے، آگے مزید بہت کچھ حاصل کرنا ہے، اس موقع پر کھلاڑیوں نے گال ٹیسٹ میں عمدہ شراکت قائم کرنے والے سعود شکیل اور سلمان علی آغا کو تالیاں بجاکر داد دی۔