news

ارب پتی آئی پی ایل کرکٹرز کومعاوضے دینے میں کنجوس نکلی

ارب پتی آئی پی ایل کرکٹرز کو معاوضے دینے میں کنجوس نکلی جب کہ دنیا کی بڑی اسپورٹس لیگ کا ہم پلہ سمجھے جانے والے حکام کرکٹرزکو آمدنی سے مناسب حصہ نہیں دیتے۔

ارب پتی آئی پی ایل کرکٹرز کومعاوضے دینے میں کنجوس نکلی

بھارتی کرکٹ بورڈ حکام اور وہاں کے سابق کرکٹرز وغیرہ آئی پی ایل کا موازنہ دنیا کی بڑی اسپورٹس لیگ سے کرتے ہیں، حال ہی میں سابق چیئرمین آئی پی ایل للت مودی نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ عنقریب یہ دنیا کی تمام بڑی اسپورٹس لیگز کو پیچھے چھوڑ دے گی، مگر دوسری جانب پلیئرز کو معاوضوں کی ادائیگی کے معاملے میں انتہائی کنجوسی برتی جارہی ہے، اس معاملے میں بھارتی لیگ سب سے آخر میں موجود ہے۔

نیوزی لینڈ میڈیا کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ انگلش پریمیئر لیگ فٹبال کی جانب سے کمائی کا 71 فیصد معاوضوں کی صورت میں پلیئرز کو ادا کیا جاتا ہے، آئی پی ایل میں کھلاڑیوں کو ٹیم کی آمدنی میں سے صرف 18 فیصد حصہ ملتا ہے۔

فیکا کے چیف ایگزیکٹیو ٹام موفیٹ نے آئی پی ایل اور ویمنز پریمیئر لیگ میں کھلاڑیوں کو آمدنی کے حساب سے مناسب معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم ان دونوں ایونٹس کو پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتے ہیں مگر کھلاڑیوں کے معاوضوں کو منصفانہ بنانا ہوگا، دنیا کی دیگر بڑی اسپورٹس لیگ اپنے ریونیو کا 50 فیصد سے زائد حصہ پلیئرز کو معاوضوں کی مد میں ادا کرتی ہیں، یہاں پر کچھ کھلاڑیوں کو محض 20 ہزار پائونڈ دیے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سال تمام 10 فرنچائزز بی سی سی آئی سے 48 ملین پائونڈ فی کس وصول کریں گی، گیٹ آمدنی اور اسپانسرشپ معاہدوں سے مزید 5 ملین پاؤنڈ تک حاصل ہوں گے، ممبئی انڈینز جیسی ٹیموں کا ریونیو بھی زیادہ ہے۔

دوسری جانب ہر آئی پی ایل فرنچائز کی سیلری کیپ 9.5 ملین پائونڈ ہے جسے آئندہ سیزن میں 10 ملین کیا جائے گا۔ تمام تنخواہیں انڈکس سے لنک ہیں، ایک میچ نہ کھیلنے پر کھلاڑی اپنی 20 فیصد فیس سے محروم ہوجاتا ہے۔