news
English

مکی آرتھر کو سری لنکن ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانے کی تیاریاں

ایگزیکٹیو کمیٹی ذمہ داریاں سونپنے پر متفق، کیوی فرنچائز سے معاہدہ خطرے میں پڑگیا

مکی آرتھر کو سری لنکن ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانے کی تیاریاں فوٹو: ریوٹرز

 

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے سری لنکا کیساتھ وابستہ ہونے کے امکانات روشن ہوگئے۔

سری لنکن میڈیا کے مطابق کرکٹ سری لنکا کی ایگزیکٹیو کمیٹی نے ان کو ذمہ داریاں سونپنے پر اتفاق کرلیا ہے، اس وقت رمیش رتنائیکے عبوری ہیڈ کوچ کے طور پر کام کر رہے ہیں، دسمبر میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو میچز کے دوران مکی آرتھر ابتدائی طور پر کنسلٹنٹ کوچ کے طور پر فرائض سر انجام دیں گے، بعد ازاں عبوری کوچ کی جگہ ان کو مکمل اختیارات سونپ دیئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق ان کا تقرر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2021 تک کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ مکی آرتھر کا نیوزی لینڈ کی سپر سمیش ٹی ٹوئنٹی لیگ کی فرنچائزسینٹرل اسٹیج کیساتھ معاہدہ چند روز قبل ہی ہوا تھا، اگر کرکٹ سری لنکا نے ان کی خدمات حاصل کر لیں تو انھیں یہ کنٹریکٹ ختم کرنا پڑے گا۔