news
English

اسد شفیق نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی

اسد شفیق کے ٹیسٹ کیریئر میں 12 سنچریاں اور 27 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

اسد شفیق نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی

قومی ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق نے انٹرنیشنل اور پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ 
اتوار کے روز نیشنل اسٹیڈیم میں اسد شفیق نے اپنے کیریئر کا آخری میچ کھیلا۔ ان کی کپتانی میں کراچی وائٹس نے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کا فائنل جیت کر آخری میچ ان کیلئے یادگار بنادیا۔ 
میچ کے بعد ساتھی کرکٹرز نے انہیں شاندار انداز میں گراؤنڈ سے رخصت کیا۔ 37 سالہ اسد شفیق پی سی بی کے لیے سلیکشن کنسلٹنٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔ 
اسد شفیق نے 77 ٹیسٹ، 60 ون ڈے اور 10 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی۔ انہوں نے اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو جون 2010 میں بنگلہ دیش کیخلاف ون ڈے میچ سے کیا تھا۔ 
اسد شفیق کے ٹیسٹ کیریئر میں 12 سنچریاں اور 27 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ انہوں نے ٹیسٹ کیریئر میں 4 ہزار 660 رنز، ایک روزہ میچز میں ایک ہزار 336 رنز اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 192 رنز بنائے ہیں۔ 
اسد شفیق چھٹی پوزیشن پر کھیلتے ہوئے سب سے زیادہ سینچریز بنانے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔ 2020 کے بعد سے وہ کسی بھی میچ میں قومی ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے تھے۔