news

ایشز سیریز ختم، معین علی نے دوبارہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

اگراسٹوکس نے مجھے دوبارہ میسج کیا تو میں اسے ڈیلیٹ کر دوں گا‘‘ انگلش آل راؤنڈر

ایشز سیریز ختم، معین علی نے دوبارہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

انگلینڈ کے فاسٹ بولر اسٹیورٹ براڈ کے بعد انگلش آل راؤنڈر معین علی نے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ 
سال 2021 کے سیزن کے اختتام پر معین علی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا تاہم رواں سال ایشز سیریز سے کچھ روز قبل انگلش اسپنر جیک لیچ کی انجری کے بعد انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی منیجمنٹ کی جانب سے معین علی سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ 
ٹیم منیجمنٹ کے اصرار پر معین علی نے ٹیسٹ کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ واپس لیتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز میں شرکت کی، تاہم گزشتہ دنوں اسٹورٹ براڈ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ ایشز سیریز کا پانچواں ٹیسٹ میچ میرے کیرئیر کا آخری میچ ہوگا۔

معین علی اور اسٹیورٹ براڈ کی شاندار کارکردگی کے باعث انگلینڈ نے پانچویں ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو 49 رنز سے شکست دی اور سیریز 2-2 سے برابر کردی۔ 
اس میچ میں معین علی نے پہلی اننگز میں 34 اور دوسری اننگز میں 29 رنز اسکور کیے جبکہ آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں انہوں نے کھیل کے آخری دن 3 وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو سیریز برابر کرنے میں مدد کی۔ 
میچ جیتنے کے بعد برطانوی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے معین علی نے کہا کہ اب میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوچکا ہوں، اگر بین اسٹوکس نے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کیلئے مجھے دوبارہ میسج کیا تو میں اسے ڈیلیٹ کر دوں گا، میں نے واقعی ٹیسٹ کرکٹ سے بہت لطف اٹھایا ہے اور اسے جیت کے ساتھ ختم کرنا اچھا ہے۔ 

واضح رہے کہ معین علی نے 7 جون کو ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لے کر انگلش ٹیم کے لئے اپنی خدمات پیش کی تھیں، ان کی ٹیم میں واپسی میں ان کے دوست اور انگلش کھلاڑی بین اسٹوکس کا بھی عمل دخل تھا۔