news
English

ایشیاءکپ 2023:پاک بھارت ٹاکرادوبارہ بارش سےمتاثر،جےشاہ کڑی تنقیدکی زدمیں

کولمبو میں مسلسل بارش کے باعث پاک بھارت سپر فور مقابلہ معطل، ریزرو ڈے پر (آج) دوبارہ کھیل شروع ہوگا۔

ایشیاءکپ 2023:پاک بھارت ٹاکرادوبارہ بارش سےمتاثر،جےشاہ کڑی تنقیدکی زدمیں

ایشیاء کپ کے سپر فور مرحلے میں پاک بھارت ٹاکرا بارش سے متاثرہونے پر سوشل میڈیا صارفین نے اے سی سی کے صدر جے شاہ کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ 
تفصیلات کے مطابق ایشیاء کپ 2023ء میں اتوار کے روز پریماداسا اسٹیڈیم، کولمبو میں سپر فور مرحلے کا اہم پاک بھارت میچ بارش کے باعث مکمل نہیں ہوسکا۔ مسلسل بارش کے باعث میچ کو ریزرو ڈے پر لے جانا پڑا، یہ اہم مقابلہ پیر کے روز (آج) وہیں سے دوبارہ شروع ہوگا جہاں اسے روکا گیا تھا۔ جس وقت بارش کی وجہ سے کھیل کو روکنا پڑا، بھارتی ٹیم نے 24.1 اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر 147 رنزبنا لیے تھے۔ 
کولمبو میں ان اہم میچوں کی میزبانی کا فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر جے شاہ نے پی سی بی کے تحفظات کے باوجود کیا تھا، جہاں اگلے دس دنوں تک بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی۔ جے شاہ کو سوشل میڈیا پر زبردست تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور مداحوں نے ان کے نامناسب من مانے فیصلے پر سخت مایوسی کا اظہار کیا۔ شائقین نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنی مایوسی کا اظہار کیا اور جے شاہ کے فیصلے کو انتہائی نامناسب قرار دیا۔ 
یہ بات قابل غور ہے کہ پیر کے روز جب دونوں ٹیمیں اپنا کھیل دوبارہ شروع کرنے کے لیے تیار ہوں گی تو بارش سے کھیل میں خلل ڈالنے کا امکان نوے فیصد ہے جس کا مطلب ہے کہ پاک بھارت ٹاکرا ایک بار پھر بارش کا شکار ہوسکتا ہے۔
یاد رہے کہ ایشیاء کپ کے ابتدائی پاک بھارت ٹاکرے میں بھی بارش کے باعث میچ متاثر ہوا تھا جس پر دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا تھا۔ 
اس سے قبل جے شاہ نے کولمبو میں بارش سے پیدا ہونے والی گمبھیر صورتحال پر توجہ دی اور ایشیاء کپ 2023 کو پاکستان سے باہر منتقل کرنے کے فیصلے کے بارے میں بصیرت فراہم کی۔ جے شاہ نے پریس ریلیز میں کہا کہ "تمام مکمل ممبران، میڈیا رائٹس ہولڈرز ابتدائی طور پر پاکستان میں پورے ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے کا عہد کرنے سے ہچکچا رہے تھے۔ 
انہوں نے کہا کہ "ایشیاء کپ 2023ء کے فارمیٹ اور مقام کے بارے میں فیصلہ سازی کا عمل کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ کھیل کے بنیادی مفادات کو ترجیح دینے کی مخلصانہ خواہش سے رہنمائی کرتا تھا۔ بالآخر، مقصد ایک توازن قائم کرنا تھا۔
غور طلب امر یہ ہے کہ اگر ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز بھی بارش کی نذر ہوجاتے ہیں تو پاکستان اور سری لنکا فائنل میں پہنچ جائیں گے کیوں کہ ان دونوں ٹیموں کے 4،4 پوائنٹس ہوں گے۔ اس کے برعکس، بھارت تین پوائنٹس کے ساتھ سپر 4 پوائنٹس ٹیبل پر تیسرا مقام حاصل کرے گا۔