news
English

ایشیاءکپ: پاکستان کا سری لنکا کیخلاف ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ

جیت کا جذبہ لے کر دونوں ٹیمیں کولمبو کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہیں۔

ایشیاءکپ: پاکستان کا سری لنکا کیخلاف ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ

ایشیاءکپ کے سپر فور مرحلے کے پانچویں میچ میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
کولمبو میں کھیلے جارہے اس میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کوشش ہوگی کہ لنکن ٹیم کے خلاف بڑا اسکور کرکے ٹیم کو پریشر میں لائیں۔ بابراعظم نے بتایا کہ گزشتہ روز اعلان کردہ ٹیم میں دو تبدیلیاں مزید کی گئی ہیں امام الحق کمر میں درد کی وجہ سے جبکہ سعود شکیل بخار کے باعث پلئینگ الیون کا حصہ نہیں ہیں۔ 

اس موقع پر سری لنکن کپتان داسن شناکا نے کہا کہ پاکستانی بیٹنگ لائن کی خامیوں کو سمجھتے ہیں اور جلد وکٹیں لے کر گرین شرٹس کو کم سے کم ہدف تک محدود رکھنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں کوشل پریرا اور پرمود مدوشن کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
 
قبل ازیں میچ کا ٹاس بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوا، جس کی وجہ سے امپائرز نے دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 45، 45 اوورز تک محدود کردیا ہے۔ 
دوسری جانب اگر سری لنکا کے خلاف میچ بارش کی نذر ہوا یا سری لنکا جیتا تو وہ فائنل کیلئے کوالیفائی کرجائے گا اور قومی ٹیم کا سفر اختتام پذیر ہوجائے گا۔ 
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ جیتنے والی ٹیم 17 سمتبر کو بھارت کے خلاف ایونٹ کے فائنل میں میدان میں اُترے گی۔ 
پاکستان کا اسکواڈ: 
کپتان بابراعظم، شاداب خان، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، فخر زمان، افتخار احمد، محمد حارث، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاہین آفریدی اور زمان خان شامل ہیں۔ 
سری لنکا کا اسکواڈ: 

کپتان داسن شناکا، پاتھم نسانکا، کوشل پریرا، کوشل مینڈس، سدیرا سماراویکراما، چارتھ اسالنکا، دھننجایا ڈی سلوا، ڈونتھ ویلالجے، مہیش تھییکشنا، متھیشا پتھیرانا۔