news
English

ایمرجنگ ایشیا کپ سیمی فائنل، پاکستان نے بھارت کو دھول چٹادی

پاکستان کی جانب سے عمیر یوسف 66، سیف بدر 47 جب کہ حیدر علی نے 43 رنز کی اننگز کھیلی

ایمرجنگ ایشیا کپ سیمی فائنل، پاکستان نے بھارت کو دھول چٹادی PHOTO COURTESY: ACC

ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 3 رنز سے شکست دیدی۔

ڈھاکا کے شیر بنگلا اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں گرین شرٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 267رنز بنائے، عمیر یوسف 66 اور سیف بدر 47 (ناٹ آﺅٹ)، حیدر علی 43 اور کپتان روحیل نذیر 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

بھارت کی جانب سے شیوام ماوی، سوراب ڈی اور ہرتیک شوکیم نے 2،2 شکار کیے جب کہ سدھارتھ ڈیسائی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

بھارت کی جانب سے سنویر سنگھ 76، کپتان پی آر شرتھ 47 اور ارمان جعفر نے 46 رنز کی اننگز کھیلی، ایک وقت میں بھارتی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 244رنز بنالیے تھے اور 27 گیندوں میں ہدف کا حصول مشکل نظر نہیں آرہا تھا تاہم گرین شرٹس نے کم بیک کرتے ہوئے مزید 2وکٹیں حاصل کرلیں۔

میچ کے آخری اوور میں 8 رنز درکار تھے، عماد بٹ نے 4 رنز دیے اور ایک وکٹ بھی حاصل کی، محمد حسنین اور سیف بدر نے 2،2، عماد بٹ اور عمر خان نے ایک ایک شکار کیا۔