ایشیاء کپ میں بھارتی ٹیم صحیح طریقے سے نہیں کھیل رہی، عروہ حسین۔
معروف اداکارہ عروہ حسین نے کہا ہے کہ ایشیاءکپ 2023 کے تمام میچز پاکستان میں نہ ہونے کی بنیادی وجہ بھارتی سیاست ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ایشیاءکپ کے بارے میں بات کرتے ہوئے اداکارہ عروہ حسین کا کہنا تھا کہ بھارت کی سیاست اتنی گھٹیا ہو گئی ہے کہ پاکستان میں اپنی ٹیم کو کھیلنے نہیں دے رہی جس سے ان کی اپنی ٹیم کا نقصان ہورہا ہے۔
عروہ حسین کا مزید کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں بھارتی ٹیم صحیح طریقے سے نہیں کھیل رہی اس لیے بھارت بارش کے باعث میچز متاثر ہونے سے مطمئن ہے جو کہ انٹرنیشنل اسپورٹس اسپرٹ کے خلاف ہے۔
بھارت کا 2 ستمبر کو پاکستان کے ساتھ ہونے والا اہم میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا اور دونوں ٹیموں میں ایک، ایک پوائنٹ تقسیم کردیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ 4 ستمبر کو ایشیاءکپ کے گروپ اے کے میچ میں بھارت اور نیپال کے درمیان ہونے والا مقابلہ بھی بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ اس میچ میں بھارت کو ڈک ورتھ لوئس اسٹرن میتھڈ (ڈی ایل ایس) کے تحت فاتح قرار دیا گیا تھا اور وہ سپر فور مرحلے میں داخل ہوگیا۔
پاکستان رواں سال ایشیاءکپ ٹورنامنٹ کا میزبان ہے تاہم بھارتی کرکٹ ٹیم نے میچز کے لیے پاکستان نہ آنے کا فیصلہ کیا تھا جس کی وجہ سے 13 میں سے صرف 4 میچز پاکستان میں کھیلے جارہے ہیں جبکہ باقی میچزسری لنکا میں ہورہے ہیں۔