ایشیا کپ کی میزبانی کے لیے انگلینڈ کا نام سامنے آگیا، ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے ایونٹ کے حوالے سے فیصلہ آج متوقع ہے۔
ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے آج ایونٹ کے میزبان ملک کے نام کے بارے میں حتمی فیصلہ متوقع ہے۔ ایشیا کپ کی میزبانی کے لیے انگلینڈ کا نام سامنے آیا ہے تاہم ایشیا کپ کے پاکستان میں انعقاد کے حوالے سے حتمی فیصلہ آج ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے، اس ایونٹ کی میزبانی کافی پہلے پاکستان کو دی گئی تھی تاہم جب ایونٹ کا وقت قریب آیا تو بھارت نے نہ صرف اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا بلکہ خود ہی ایشیائی ایونٹ کو کسی دوسرے ملک میں منعقد کرنے کا اعلان بھی کردیا۔ پی سی بی کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے میزبانی بچانے کے لیے ہائبرڈ ماڈل پیش کیا جس کے تحت باقی تمام ٹیموں کے مقابلے پاکستان جبکہ بھارت کے میچز یو اے ای میں منعقد کیے جانے تھے، بی سی سی آئی نے اس تجویز کو رد کردیا، جس پر ایک اور تجویز دی گئی جس میں ابتدائی چند میچز پاکستان میں کروانے اور باقی یو اے ای منتقل کرنے کی تجویز دی گئی۔ تاہم اب نجم سیٹھی نے ایشیا کپ کو انگلینڈ میں منعقد کرنے کی تجویز دے دی ہے، وہ کہتے ہیں کہ ایشیا کپ کا انعقاد انگلینڈ میں بھی ہوسکتا ہے، ہم چونکہ اس ٹورنامنٹ کے میزبان ہیں، اس لیے متبادل کے طور پر کسی بھی وینیو کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ ادھر ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے پاکستان میں ایشیائی شوپیس ایونٹ کے انعقاد کے حوالے سے فیصلہ آج کیے جانے کی توقع ہے، بھارت پہلے ہی سری لنکا کو ایونٹ کی میزبانی کے خواب دکھا چکا ہے اور اس کی جانب سے بھی واضح کیا جاچکا ہے کہ اگر پاکستان نہیں کھیلا تو اس کے بغیر ہی سری لنکا میں 5 ملکی ٹورنامنٹ منعقد کریں گے۔