news
English

ایشیاکپ؛ افغان شائقین میچ کی ہار کے بعد آپے سے باہر

 دبئی: پاکستان کے خلاف ایشیاکپ میں سنسنی خیز انداز میں میچ ہارنے کے بعد افغان شائقین آپے سے باہر ہوگئے۔

ایشیاکپ؛ افغان شائقین میچ کی ہار کے بعد آپے سے باہر

ایکسپریس نیوز کے مطابق شارجہ کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دیکر ایونٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا جبکہ افغان ٹیم کو ایونٹ سے باہر کردیا۔

میچ کا آخری اوور نہایت سنسنی خیز رہا جس میں پاکستان کو جیت کیلئے 6 بالز پر 11 رنز درکار تھے جبکہ 18 ویں اوور میں افغان بالر فرید احمد نے آصف علی کو کیچ آؤٹ کروایا تو جذبات میں وہ کرکٹر سے الجھ پڑے اور انہیں دھکے دیئے۔

 دوسری جانب افغان شائقین کرکٹ نے پاکستان سے ہارنے پر گراؤنڈ کی کرسیاں توڑ دیں جبکہ پاکستانی فینز پر بھی حملے کیے جس سے متعدد پاکستانی شائقین شدید زخمی ہوگئے۔

افغان شائقین کی جانب سے اس حرکت پر سوشل میڈیا پر صارفین نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور کہا کہ افغان ٹیم کے کھلاڑیوں اور شائقین کو کھیل میں اخلاقیات سیکھنی چاہئیں۔